قاضی پیٹ ریلوے کوچ فیکٹری قائم کرنے میں مرکزی حکومت ناکام

   


مرکزی وزیر جی کشن ریڈی ، بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ عوام سے وضاحت کریں : کے ٹی آر
حیدرآباد ۔ 22 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی اور بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری قائم کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں اور تلنگانہ سے ہونے والی نا انصافیوں کا تماشہ دیکھ رہے ہیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تقسیم ریاست بل میں تلنگانہ سے جو وعدے کئے گئے تھے اس میں ایک وعدہ قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری کا قیام بھی تھا ۔ اس وعدے کو پورا کرنے کے لیے مرکز پر دباؤ بنانے میں ریاست کی نمائندگی کرنے والے مرکزی وزیر اور بی جے پی کے تین ارکان پارلیمنٹ پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے آسام کو ریلوے کوچ فیکٹری منظور کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ مگر 8 سال قبل تلنگانہ سے جو وعدہ کیا تھا اس کو نظر انداز کرنے پر سخت اعتراض ہے ۔ مودی حکومت ہر معاملے میں ریاست تلنگانہ کو نظر انداز کرتے ہوئے تلنگانہ سے سیاسی انتقام لے رہی ہے جس کی بی آر ایس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے جب کہ ملک کی ترقی میں ریاست تلنگانہ کا اہم رول رہا ہے ۔ مرکز تلنگانہ سے جو نا انصافی کررہی ہے ۔ بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ عوام سے اس کی وضاحت کریں ۔۔ ن