قانونی شعوربیداری پر گھریلو تشدد میں کمی ممکن

   

نظام آباد میں آگاہی پروگرام سے ضلع جج وی این لکشمی اور دیگر کا خطاب

نظام آباد: 3/ مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد ضلع جج جی وی این بھرتی لکشمی نے خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے تحفظ کے لیے بنائے گئے قوانین سے واقفیت حاصل کریں کیونکہ شعور ہی انہیں اپنے حقوق کے تحفظ اور عزتِ نفس کی بقا میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ضلع جج جی وی این بھرتی لکشمی نے کہا کہ گھریلو تشدد جیسے مسائل کے حل کے لیے قانونی آگاہی انتہائی ضروری ہے تاکہ متاثرہ خواتین بلا خوف و ہراس انصاف حاصل کر سکیں۔ضلع کلکٹر نظام آباد ایلا ترپاٹھی کی پہل پر ریاست میں پہلی مرتبہ نظام آباد ضلع میں‘‘مشن اپراجیت’’کے عنوان سے گھریلو تشدد انسداد قانون پر ایک وسیع بیداری پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا خواتین و اطفال بہبود محکمہ کے زیر اہتمام کلکٹریٹ میں منعقدہ اس پروگرام میں آنگن واڑی کارکنان اور خواتین سرپنچس کو مدعو کیا گیا تاکہ نچلی سطح تک شعور بیدار کیا جا سکے۔ اس موقع پر ضلع جج جی وی این بھرتی لکشمی مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئیں جبکہ کلکٹر ایلا ترپاٹھی، آرمور سیشن جج شری دیوی، ایڈیشنل کلکٹر دلیپ کمار اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔اپنے خطاب میں ضلع جج جی وی این بھرتی لکشمی نے گھریلو تشدد انسداد قانون کے تحت دستیاب حقوق، حفاظتی اقدامات اور قانونی امداد کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ جسمانی، ذہنی اور معاشی استحصال بھی گھریلو تشدد کے زمرہ میں آتے ہیں، لہٰذا ایسی صورتحال میں خواتین کو خاموش رہنے کے بجائے قانونی مدد حاصل کرنی چاہیے۔ آرمور سیشن جج شریدیوی نے کہا کہ قانونی شعور میں اضافہ سے ہی گھریلو تشدد کے واقعات میں کمی ممکن ہے اور متاثرین کو بلا خوف شکایت درج کرانی چاہیے کیونکہ عدالتی نظام ہمیشہ ان کے ساتھ ہے۔اس موقع پر گھریلو تشدد انسداد قانون اور پوکسو قانون سے متعلق بیداری کے لیے تیار کردہ وال پوسٹرس کی نقاب کشائی بھی عمل میں آئی۔ پروگرام میں ڈی ڈبلیو او پدما، گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ناگ موہن، پولیس انسپکٹر شری لتا، سی ڈی پی اوز، آئی سی ڈی ایس سپروائزرس اور دیگر متعلقہ عہدیدار بھی موجود تھے۔