قانونی مسائل میں گھرے ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا منظر عام سے غائب کیوں؟

   

نیویارک : سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ گزشتہ چند ماہ سے مختلف کیسز میں عدالتوں کا سامنا کر رہے ہیں اور ہر پیشی کے موقع پر ان کے چند حمایتی بھی عدالت کے باہر احتجاج کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔تاہم اس تمام عرصے میں اگر ایک نمایاں شخصیت جو منظرعام سے غائب ہے تو وہ ہیں سابق صدر کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ جو صدارتی مہم سے لے کر وائٹ ہاؤس اور بعد میں بھی اپنے شوہر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ساتھ رہی ہیں۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو جب سرکاری خفیہ دستاویزات کے کیس میں سابق صدر نے خود کو سکیورٹی ایجنسی کے حوالے کیا، تب بھی میلانیا ان کے ہمراہ موجود نہیں تھیں۔امریکہ کی اوہایو یونیورسٹی میں تاریخ کی پروفیسر کیتھرین جیلسن کا کہنا ہے کہ ’امریکی عوام سیاسی بیویوں کو سکینڈل اور بحران کے وقت اپنے شوہروں کے ساتھ کھڑے دیکھنے کے عادی ہیں۔‘’اس لیے میلانیا کی اپنے شوہر کی حالیہ پیشیوں کے دوران غیر موجودگی کو خاص طور پر نوٹ کیا گیا ہے۔‘ایک دن قبل میلانیا کو نیویارک میں ٹرمپ ٹاور سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا تھا جب دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نیوجرسی میں اپنے گھر سے فلوریڈا کے لیے روانہ ہو رہے تھے۔ نوے منٹ کی ڈرائیو کی دوری پر ہونے کے باوجود بھی میلانیا ٹرمپ اپنے شوہر سے نیوجرسی ملنے نہیںگئیں۔اپریل میں نیویارک کے شہر مین ہیٹن کی عدالت میں جب ڈونلڈ ٹرمپ پورن اسٹار کو رقم کی ادائیگی کے الزام میں پیش ہوئے تب بھی میلانیا ان کے ہمراہ موجود نہیں تھیں۔