قانون ساز کونسل انتخابات کیلئے اعلامیہ کی اجرائی

   

حیدرآباد۔ 21 فروری (سیاست نیوز)تلنگانہ ارکان اسمبلی کوٹہ کے تحت قانون ساز کونسل ارکان کے انتخابات کے سلسلے میں اعلامیہ جاری کیا گیا۔ اعلامیہ کی روشنی میں تلنگانہ قانون ساز اسمبلی ارکان کوٹہ کے تحت 5 نشستوں کیلئے انتخابات ہونگے۔ ان انتخابات کیلئے آئندہ ماہ 12 مارچ کو رائے دہی ہوگی اور اسی دن رائے دہی کا اختتام عمل میں آنے کے فوری بعد رائے شماری عمل میں لائی جائیگی بلکہ رائے شماری کی تکمیل کے فوری بعد نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔ اسمبلی ارکان کوٹہ کے تحت تلنگانہ قانون ساز کونسل ارکان کیلئے انتخاب میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدوار 28 فروری تک اپنے پرچہ نامزدگیاں داخل کرسکتے ہیں اور یکم مارچ تک داخل کردہ پرچہ جات نامزدگیوں کی جانچ کی جائے گی جبکہ 5 مارچ تک داخل کردہ پرچہ جات نامزدگیوں سے دستبرداری کی آخری تاریخ ہوگی۔ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی ارکان کوٹہ کے ذریعہ منتخبہ ارکان تلنگانہ قانون ساز کونسل بی سدھاکر ریڈی، محمد علی شبیر، ٹی سنتوش کمار، محمد سلیم اور محمد محمود علی کی میعاد مکمل ہونے کے پیش نظر مذکورہ انتخابات منعقد کئے جارہے ہیں۔