قبرستان کی صفائی کے نام پر رقم ہڑپنے کی شکایت

   


کریم نگر میونسپل کمشنر قبرستان کمیٹی کے وفد کی یادداشت ، کارروائی کا مطالبہ

کریم نگر ۔ کریم نگر کے4 مسلم قبرستانوں میں گزشتہ رمضان اور عید الاضحی کے موقع پر جنگلی جھاڑیوں کی صفائی اور دیواروں پر چونا ڈالے جانے کے لیے میونسپل کارپوریشن کریم نگر کے ذریعہ زائد از 12 لاکھ روپیہ منظور کر لئے گئے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال کے عیدین عیدالفطر اور عیدالاضحٰی گھروں پر ہی منائی گئی، چونکہ کرونا وائرس کے سبب پورے تلنگانہ میں ان عیدوں کو مسلمان اپنے گھروں پر ہی منائے۔لیکن میونسپل کارپوریشن کے چند عہدیداروں و کنٹراکٹر نے مسلم قبرستانوں کی صفائی و مرمت کیلئے کارپوریشن کے ذریعہ 12لاکھ روپے غیر قانونی طور پر منظور کر وا لئے جبکہ کسی بھی قبرستان میں صاف صفائی یا آہک پاشی کا نظم نہیں کیا گیا۔ اس ضمن میں قبرستان کمیٹی کے ذمہ داران محمد عبدالصمد نواب، قمرالدین،کانگریس قائد محمد تاج ، عبدالرحمن اور دیگر مسلم نوجوانوں نے آج میونسپل دفتر کریم نگر پہنچ کر میونسپل کمشنر ولوری کرانتی IAS سے ملاقات کرتے ہوئے ایک تحریری یادداشت پیش کی اور اس غیر قانونی طور پر رقم کے منظوری کے متعلق تفصیلات بتلاتے ہوئے اس پر قانونی کارروائی کرنے اور عہدیداروں کو فوری سسپینڈ کرنے کا مطالبہ کیا۔چونکہ کسی بھی مسلم بھائی نے اس لاک ڈاؤن کے موقع پر اپنے گھروں سے نہ نکلتے ہوئے صرف اپنے گھروں میں ہی نمازوں کا اہتمام کیا تھا۔ لہذا تمام نے میونسپل منسٹر کے ٹی آر اور ریاستی وزراء گنگولا کملاکر،کپولہ ایشور اور ایٹالہ راجندراور ضلع کلکٹر کریم نگر ،کے ششانکا، سے پر زور مطالبہ کیا کہ اس غیر قانونی طور پر مسلمانوں یا قبرستان کے نام پر رقم حاصل کرنے والے پر سخت قانونی کاروائی کریں اس موقع پر عبدالصمد نواب نے وارننگ دی کہ اگر اندروں 15 دن اس پر ایکشن نہ لیا جائے تو ہمیں لوک آیوکت عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑے گا۔