قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کی طبی امداد کیلئے عصری ایمبولینس متعارف

   

ہر ضلع میں ایک ایمبولینس، وزیر صحت ہریش راؤ نے افتتاح کیا

حیدرآباد۔/20 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ملک میں پہلی مرتبہ تلنگانہ حکومت نے قبل ازوقت پیدا ہونے والے بچوں کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے خصوصی آلات سے لیس 33 ایمبولینس گاڑیوں کو متعارف کیا ہے۔ عصری سہولتوں سے آراستہ اور ایمرجنسی خدمات سے لیس ان گاڑیوں کے ذریعہ قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کو سرکاری دواخانہ منتقل کیا جاسکتا ہے۔ تمام اضلاع میں یہ گاڑیاں متعارف کی گئی ہیں۔ ملک میں یہ پہلی مرتبہ ہے جب کسی حکومت نے ماقبل مدت حمل پیدا ہونے والے بچوں کی طبی امداد کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ اموات کے واقعات پر قابو پایا جاسکے۔ ان گاڑیوں پر سالانہ 8.07 کروڑ کا خرچ آئے گا اور وینٹلیٹرس کے علاوہ سوپر اسپیشالیٹی سہولتوں کے ذریعہ دور دراز علاقوں سے قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کو ہاسپٹل منتقل کیا جائے گا۔ بچوں کی زندگی بچانے کیلئے درکار تمام عصری آلات ایمبولینس میں فراہم کئے گئے ہیں۔ وزیر صحت ہریش راؤ نے آج نئی عصری ایمبولینس گاڑیوں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے غریبوں کو عصری طبی سہولتوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹلہ برج میٹرنٹی ہاسپٹل اور گاندھی ہاسپٹل میں انفرٹیلٹی سنٹرس قائم کئے جارہے ہیں۔ گاندھی ہاسپٹل میں آرگن ٹرانسپلانٹ سنٹر قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں پیوند کاری کیلئے جگر بطور عطیہ پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی ہاسپٹل کو حال ہی میں بہتر خدمات کیلئے آئی ایس او سرٹیفکیٹ حاصل ہوا۔