قرض فراہمی کے نام دھوکہ دینے والا شاطر گرفتار

   

حیدرآباد /4 جولائی ( سیاست نیوز ) قرض دلانے کے بہانے ہائی ٹیک انداز میں دھوکہ دینے والے ایک شخص کو سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ رچہ کنڈہ سائبر کرائم پولیس کے مطابق 31 سالہ سدانند ریڈی عرف کارتک ساکن مدھورا نگر ملکاجگیری کو پولیس نے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے سیل فون اور ایس بی آئی کا ڈبیٹ کارڈ برآمد کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نے ایک شہری شکایت گذار کے سرینواس سے رجوع ہوکر قرض دلانے کا جھانسہ دیا اور اس سے چیک بک اور پن نمبر اور کارڈ حاصل کرلیا ۔ جس کے بعد اس نے لون کیلئے ضروری اقدامات کے تحت 10 ہزار روپئے بطور پیشگی رقم حاصل کرلی ۔ تاہم سرینواس کو دھوکہ اس وقت اندازہ ہوا جب چند افراد اس کے مکان پہونچے اور بنک کھاتے میں جمع کی گئی رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس وقت سرینواس کو بھی اس کی دو ماہ کی تنخواہ کے غائب ہونے کا علم ہوا جس نے سائبر کرائم پولیس سے شکایت کردی ۔ پولیس نے خاطی کو گرفتار کرلیا ہے ۔