قنوج : اترپردیش کے ضلع قنوج کے ریلوے اسٹیشن پر زیر تعمیر حصے کا لنٹر ہفتہ کی دوپہر منہدم ہوگیا۔ اس حادثے میں ملبے میں 40 سے زیادہ مزدور دب گئے جن میں سے 23 کو بحفاظت نکال کر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ موقع پر ضلع انتظامیہ کے سینئر افسران کی موجودگی پر راحت رسانی کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے ۔ آفیشیل ذرائع نے بتایا کہ اسٹیشن کی تزئین کاری کے عمل میں اسٹیشن ماسٹر کے کنارے والے حصے میں لنٹر ڈالا جارہا تھا کہ دوپہر تقریبا دو بجے کر 40منٹ پر لنٹر بھر بھرا کر منہدم ہوگیا۔ اس حادثے میں وہاں کام کررہے تقریبا 40 مزدور دب گئے ۔ اب تک 23 زخمیوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا جن میں سے سات کو سرکاری میڈیکل کالج تروا ریفر کردیا گیا ہے ۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے کا نوٹس لیتے زخمیوں کے بہتر علاج کا انتظام کرنے کا حکم اعلی افسران کو دئیے ہیں۔ اس درمیان ریلوے کے سینئر افسران نے بھی کہا ہے کہ واقعہ کی اعلی سطحی جانچ کی جائے گی۔اسٹیشن پر امرت بھارت اسکیم کے تحت دو منزلہ نئی عمارت بن رہی تھی۔ ہفتہ کی صبح لنٹر ڈالنے کا کام چل رہا تھا۔تبھی اچانک پورا لنٹر منہدم ہوگیا۔ موقع پر یو پی حکومت وزیر اسیم ارون بھی پہنچے ہیں۔ ڈی ایم سبھرانت کمار شکلا اور ایس پی ونود کمار، سی او سٹی موقع واردات پر موجود ہیں۔ کانپور زون کے آئی جی جوگیندر سنگھ بھی قنوج ریلوے اسٹیشن پہنچ گئے ہیں۔ شمال مشرقی ریلوے کے سی پی آر او پنکج کمار سنگھ نے کہا‘ہمیں دوپہر 2:39بجے واقعہ کی اطلاع ملی کہ پانچ مزدور زخمی ہوگئے ہیں۔ جنہیں اسپتال بھیجا گیا ہے ۔ شدید طور سے زخمی افراد کو 50 ہزار روپئے اور جنہیں معمولی چوٹیں آئی ہیں انہیں 5ہزار روپئے کا معاوضہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ ریلوے او رریاستی حکومت کی ٹیم موقع واردات پر موجود ہے ۔ راح رسانی کا کام جاری ہے ۔