قومی سطح پر مخالف بی جے پی محاذ کی تیاریوں کا خیرمقدم

   

سیکولر اور جمہوری طاقتوں کا اتحاد ضروری، چاڈا وینکٹ ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔18 ۔ فروری (سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے مرکزی حکومت سے تنظیم جدید قانون میں کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کا مطالبہ کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ نریندر مودی حکومت دونوں تلگو ریاستوں کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگو ریاستوں کے تنازعات کا حل تلاش کرنا مرکز کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بی جے پی حکومت کو چاہئے کہ وہ دونوں ریاستوں کو فنڈس کی اجرائی اور نئے پراجکٹس کے قیام کے اقدامات کریں۔ وینکٹ ریڈی نے قومی سطح پر بی جے پی کے خلاف محاذ کے قیام کی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بی جے پی کے خلاف متحدہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی صورتحال کی آڑ میں عوام پر مختلف انداز میں ٹیکس کا بوجھ عائد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں مخالف بی جے پی محاذ کی ضرورت میں اضافہ ہوچکا ہے۔ مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کیلئے ہم خیال جماعتوںکو متحد ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر ، جمہوری اور بائیں بازو نظریات کے حامل طاقتوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت نے عوامی شعبہ کے اداروں کو کارپوریٹ گھرانوں کے حوالے کرنے کی تیاری کرلی ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ مخالف بی جے پی طاقتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے سے متعلق کوئی بھی فیصلہ سی پی آئی کی قومی قیادت کرے گی۔ ر