قومی شاہراہ 65 کے ٹول گیٹس پرکشیدگی

   

ٹول ٹیکس کی معافی پر الجھن ‘ اسٹاف اور مسافرین میں بحث
حیدرآباد۔ 13 جنوری (این ایس ایس) قومی شاہراہ 65 کے پنتھنگی اور کورلا پہاڑ ٹول پلازا پر اتوار کی صبح معمولی کشیدگی پھیل گئی تھی۔ جب گاڑیوں کے ڈرائیورس نے ٹول گیٹ اسٹاف سے یہ کہتے ہوئے بحث و تکرار شروع کردی کہ یہ فیس آج (اتوار) کے لئے معاف کردی گئی ہے لیکن اسٹاف کے ارکان اس ضمن میں احکام کی عدم وصولی کی وجہ بتاتے ہوئے ٹول فیس کی ادائیگی کے لئے اصرار کررہے تھے۔ بحث و تکرار کے سبب 10:30 دن ٹول گیٹ پر گاڑیوں کی طویل قطار بن گئی اور چوٹ اوپل پولیس نے وہاں پہنچ کر برہم مسافرین اور ٹول گیٹ اسٹاف کو سمجھا بچھاکر معاملہ رفع دفع کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے اپنے افسران بالا سے بات کی۔ بعدازاں مسافرین کو ٹول فیس ادا کئے بغیر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ حکومت تلنگانہ نے سنکرانتی تہوار کے موقع پر مسافرین کی بڑے پیمانے پر آمدورفت کو ملحوظ رکھتے ہوئے دو دن یعنی 13 اور 16 جنوری کو ٹول فیس سے دستبرداری کا اعلان کی تھی۔ 16 جنوری کو بھی ٹول فیس وصول نہیں کی جائے گی۔