ہورڈنگس ‘ میٹرو ریل پلرس اور جی ایچ ایم سی و آر ٹی سی بس اسٹاپس پر ٹی ار ایس و حکومت کی تشہیر
حیدرآباد۔26۔جون(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی نے بی جے پی قومی اجلاس کے دوران بی جے پی کے تشہیری مواد کو شہر میں جابجا نصب کرنے سے روکنے شہر کے بیشتر ہورڈنگس کے علاوہ حیدرآباد میٹرو ریل کے پلرس اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادو تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے بس اسٹاپس پر ہورڈنگس پر تلنگانہ میں چلائی جانے والی اسکیمات اور ٹی ار ایس حکومت کی کارکرگی پر مشتمل بیانرس اور ہورڈنگس آویزاں کردیئے ہیں تاکہ یکم تا 4جولائی بی جے پی کو تشہیری مواد کو آویزاں کرنے کوئی جگہ دستیاب نہ ہوسکے۔ بی جے پی تلنگانہ میں استحکام اور پارٹی کارکنوں میں جو ش و جذبہ میں اضافہ کرنے حیدرآباد میں پارٹی کا قومی عاملہ اجلاس منعقد کررہی ہے ۔اس دوران شہر کے مختلف مقامات پر ٹی آر ایس کا تشہیری مواد نظر آئے گا ۔ اس کے باوجود بی جے پی کچھ کرنہیں پائے گی ۔ بی جے پی نے بتایا کہ شہر میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی جس انداز میں بی جے پی کی مقبولیت کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے اس سے اندازہ ہورہا ہے کہ ٹی آر ایس بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ بی جے پی قائدین نے بتایا کہ پارٹی نے شہرکے تمام اہم چوراہوں پر بی جے پی مرکزی قائدین اور وزیر اعظم کے قدآور کٹ آؤٹس نصب کرنے کا فیصلہ کیا ۔ مختلف مقامات پر پارٹی پرچموں سے چوراہوں کو سجانے کی منصوبہ بندی کی گئی ۔ بی جے پی کے منصوبہ کو ناکام بنانے ٹی آر ایس نے جی ایچ ایم سی عہدیداروں کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ۔ کہا جار ہاہے کہ شہر میں خوبصورتی کو متاثر کرنے کے علاوہ کسی طرح کی رکاوٹ پیدا کرنے پر جی ایچ ایم سی ایکٹ کے تحت کاروائی کی جائے گی ۔دونوں شہروں کے علاوہ ہائی ٹیکس کے علاقوں میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے ہورڈنگس اور بیانرس کے مقامات پر قبضہ کرلئے جانے کو پارٹی کی حکمت عملی قرار دیا جا رہا ہے لیکن عوام میں یہ تاثر پیدا ہونے لگا ہے کہ ریاست میں بی جے پی کی مقبولیت سے ٹی آر ایس خوفزدہ ہے ۔اسی لئے بی جے پی کو تشہیر سے بھی روکنے کے حربے اختیار کر رہے ہیں۔م