قومی قائدین سے پرگتی بھون میں کے سی آر کی ناشتہ پر ملاقات

   

قومی مسائل زیر بحث، بی جے پی کو شکست دینے کیلئے مشترکہ حکمت عملی کا فیصلہ

حیدرآباد۔/18 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بی آر ایس کی کھمم ریالی میں شرکت کیلئے حیدرآباد پہنچنے والے قومی قائدین کے اعزاز میں پرگتی بھون پر ناشتہ کا اہتمام کیا۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال، چیف منسٹر پنجاب بھگونت مان، چیف منسٹر کیرالا پی وجین، سی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری ڈی راجا اور اُتر پردیش کے سابق چیف منسٹر اکھلیش یادو کے علاوہ مختلف کسان تنظیموں کے قائدین ناشتہ پر شریک رہے۔ کھمم ریالی میں شرکت کے لئے یہ قائدین کل شام حیدرآباد پہنچ چکے تھے۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اروند کجریوال اور بھگونت مان کا استقبال کیا جبکہ وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی نے چیف منسٹر کیرالا پی وجین اور وزیر انیمل ہسبینڈری سرینواس یادو نے سابق چیف منسٹر اُتر پردیش اکھلیش یادو کا استقبال کیا۔ ناشتہ پر کے سی آر نے تمام قائدین کا پرگتی بھون میں استقبال کیا اور اس موقع پر ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بی آر ایس کی رکن کونسل کے کویتا، رکن راجیہ سبھا ایس سنتوش کمار اور ریاستی وزراء محمد محمود علی، پرشانت ریڈی اور سرینواس یادو ناشتہ پر موجود تھے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے سی آر نے قومی سطح پر بی جے پی کو شکست دینے کیلئے سیکولر جماعتوں میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بی آر ایس کی سرگرمیوں کو دیگر ریاستوں میں وسعت دینے کے منصوبہ سے واقف کرایا۔ بتایا جاتا ہے کہ اروند کجریوال اور ڈی راجا نے بی آر ایس کے قیام کا خیرمقدم کیا اور سیکولر جماعتوں میں اتحاد کی تجویز پیش کی۔ سابق چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو نے بی جے پی کی جانب سے ملک میں مذہب کے نام پر منافرت پیدا کرنے کی کوششوں کا حوالہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کی تائید پر سیکولر قائدین کو اکثریتی طبقہ سے دور کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ کے سی آر نے آئندہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں نہ صرف تلنگانہ بلکہ قومی سطح پر بی جے پی کو شکست دینے اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی کی تجویز پیش کی۔ چیف منسٹر نے دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ روابط برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ر