حیدرآباد۔/16 جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے لاری ڈرائیورس سے اپیل کی ہے کہ وہ مرکزی قانون کے خلاف اپنی ہڑتال کے فیصلہ پر نظرثانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی ہوم سکریٹری اجئے بھلہ نے اعلان کیا ہے کہ ہٹ اینڈ رن سے متعلق قوانین پر فوری طور پر عمل نہیں کیا جائے گا۔ مستقبل میں اس قانون پر عمل آوری سے قبل لاری ڈرائیورس اور لاری مالکین سے مشاورت کی جائے گی۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ اجئے بھلہ کے تیقن کی بنیاد پر لاری ڈرائیورس کو ہڑتال کے فیصلہ پر نظرثانی کرنی چاہیئے۔ لاری ڈرائیورس کی بعض تنظیموں نے چہارشنبہ سے ہڑتال کا اعلان کیا ہے جس پر دیگر کئی تنظیموں نے مخالفت کی۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ مرکزی قانون ریاست کے تحت نہیں ہے اور ہڑتال سے عام آدمی کو پریشانی ہوسکتی ہے لہذا لاری ڈرائیورس کو اپنے فیصلہ پر نظرِ ثانی کرنی چاہیئے۔1