لاپرواہی کرنے والے انتخابی عہدیداروں کے خلاف کارروائی

   

اضلاع نیلور ، کرشنا اور وشاکھا پٹنم میں مبینہ بے قاعدگیوں کی تحقیقات شروع
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاست آندھرا پردیش میں منعقدہ اسمبلی و لوک سبھا انتخابات کے موقعہ پر انتخابی ڈیوٹیوں سے مبینہ طور پر غفلت و لاپرواہی برتنے والے عہدیداروں کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔ بالخصوص اضلاع نیلور ، کرشنا اور وشاکھا پٹنم میں پیش آئے چار مبینہ بے قاعدگیوں کے واقعات میں متعلقہ انتخابی ڈیوٹی پر متعین اسٹاف کے خلاف سخت کارروائی کی راہ ہموار ہوچکی ہے اور ان واقعات کے سلسلہ میں مذکورہ تین اضلاع کے کلکٹروں سے ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر آندھرا پردیش مسٹر گوپال کرشنا دیویدی نے اب تک ہی تفصیلی رپورٹس حاصل کرچکے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ رائے دہی کا اختتام عمل میں آنے کے بعد پیش آئے تنازعات میں ریٹرننگ آفیسرس اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس کے خلاف کارروائی کرنے کی مرکزی الیکشن کمیشن کو مسٹر گوپال کرشنادیویدی ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر آندھرا پردیش کی جانب سے سفارش کیے جانے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں ۔ اسی دوران آج ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر آندھرا پردیش مسٹر گوپال کرشنا دیویدی نے سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے تحفظ سے متعلق غفلت و لاپرواہی برتنے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ مسٹر دیویدی نے بتایا کہ سیاسی جماعتوں نے اسٹرانگ رومس کے پاس حفاظتی انتظامات کو مزید موثر و سخت بنانے اور سیکوریٹی میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ لہذا سیکوریٹی و صیانت انتظامات میں اضافہ کرنے کے لیے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سے وضاحت طلب کی گئی ہے ۔ اور ضلع نیلور کے آتما کور کے مقام پر دستیاب ہوئے وی وی پیاٹس سلپس کے واقعہ کی پولیس عہدیداروں کی جانب سے مکمل تحقیقات جاری ہیں اور اس واقعہ کے لیے اصل ذمہ دار کون ہیں تحقیقات میں مکمل طور پر پتہ چل جائے گا ۔ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر آندھرا پردیش نے اس واقعہ میں ( معاملہ میں ) حقائق کیا ہیں ۔ میڈیا کے نمائندے سے بھی پولیس عہدیداروں کو واقف کروانے کا مشورہ دیا تاکہ حقائق کا پتہ چلانے میں پولیس عہدیداروں کے لیے مدد حاصل ہوسکے ۔۔