لاک ڈاؤن کا فائدہ ، پرانے شہر میں ترقیاتی کام

   

سڑک کی توسیع کے لیے جائیدادوں کا حصول ، فلائی اوور کی تکمیل کا نشانہ
حیدرآباد۔16اپریل (سیاست نیوز) لاک ڈاؤن کے دوران مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کی جانب سے انجام دیئے جانے والے ترقیاتی کاموں کا رخ پرانے شہر کی جانب بھی ہونے لگا ہے اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے سڑک کی توسیع کے ادھورے کاموں کو مکمل کرنے کے علاوہ فلائی اوور کے کاموں کی تکمیل کا جائزہ لیا جارہا ہے اور لاک ڈاؤن کے دوران ٹریفک نہ ہونے کے سبب ان کاموں کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنایاجائے گا۔ فتح دروازہ سے چند لعل بارہ دری جانے والی سڑک پر جاری سڑک کی توسیع کے کاموں کو مکمل کرنے کیلئے قانونی رکاوٹوں کو دور کرنے کے سلسلہ میں مقامی کارپوریٹر مسٹر مصطفی علی مظفر اور دودھ باؤلی کارپوریٹر مسٹر محمد عبدالغفار کی نگرانی میں ان جائیدادوں کے حصول کا عمل شروع کردیاگیا ہے جو کہ اب تک حاصل نہیں کی جاسکی تھیں۔ فتح دروازہ سے چندولعل بارہ دری جانے والی سڑک پر توسیع کے کاموں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے اب ان جائیدادوں کے انہدام کاآغاز کردیا گیا ہے۔ سڑک کی توسیع کے کاموں کی تکمیل کے ساتھ ہی توسیع شدہ سڑک پر موجود برقی کھمبوں کی منتقلی اور سڑک کی تعمیر پر زور دیا جا رہا ہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بہادر پورہ سڑک پر زیر تعمیر فلائی اوور کے کاموں کو بھی تیز کردیا گیا ہے اس کے علاوہ کنچن باغ سنتوش نگر سڑک پر جاری فلائی اوور کے کامو ںکو مکمل کرنے کے لئے اضافی عملہ کے ساتھ خدمات انجام دی جار ہی ہیں۔ سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار نے گذشتہ دنوں پرانے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ وہ ان کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے سلسلہ میں اقدامات کریں اور لاک ڈاؤن سے استفادہ کرتے ہوئے کاموں کو تیز کردیں۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے کئی علاقوں میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے سڑکوں کی مرمت اور توسیع کے کاموں کو مکمل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ لاک ڈاؤن ختم ہونے سے قبل جی ایچ ایم سی حدود میں موجود اہم کاموں کو مکمل کرنے کے ہدایت دی جا چکی اور اس سلسلہ میں روزانہ کے اساس پر ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹرکے ٹی راماراؤ رپورٹ طلب کر رہے ہیں اور مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر بی رام موہن بھی جن مقامات پر ترقیاتی کام جاری ہیں ان مقامات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات جاری کر رہے ہیں۔