لاک ڈاون میں روکنے پر ایک شخص کی پولیس کو گالی گلوچ

   

دماغی توازن متاثر ہونے کا ادعا !
حیدرآباد /30 اپریل (سیاست نیوز) لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کیلئے پولیس چیک پوسٹس پر تعینات کئے گئے پولیس ملازمین آج اُس وقت حیرت میں پڑگئے جب ایک موٹر سائیکل سوار نے اسے روکنے پر گالی گلوچ کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ آج صبح لنگر حوض پولیس اسٹیشن کے حدود میں ٹیپو خان برج پر موجود پولیس چیک پوسٹ کے پولیس عملہ نے ایک موٹر سائیکل سوار کو روک کر اسے سڑک پر گھومنے کی وجہ تلاش کی اور اس کی گاڑی کی چابی چھین لی ۔ پولیس کانسٹبل کی اس حرکت سے وہ شخص اچانک برہم ہوگیا اور پولیس سے گالی گلوچ کی اور پولیس اسٹیشن کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی ۔ موٹر سائیکل سوار کی اس حرکت پر چیک پوسٹ کا پولیس عملہ حیرت میں پڑگیا اور اسے پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ۔ پولیس کی تفتیش میں یہ معلوم ہوا ہے کہ اس کا نام لوکیش ہے اور بیوی مرجانے کے صدمہ سے اس کا دماغی توازن بگڑ گیا ہے ۔ پولیس نے لوکیش کے رشتہ داروں کو پولیس اسٹیشن طلب کیا جس میں یہ معلوم ہوا کہ اس کا گزشتہ 6 ماہ سے ایرہ گڈہ پاگل خانے میں علاج چل رہا ہے ۔ پولیس نے اس کے دماغی توازن متاثر ہونے کی بات کی توثیق ہونے کے بعد اسے گھر جانے کی اجازت دیدی ۔