لاک ڈاون کے چار مراحل ناکام ‘ حکومت اہم سوالات کے جواب دینے سے قاصر

,

   

کورونا کی دوسری لہر انتہائی تباہ کن ہوسکتی ہے ۔ حکومت اپنے منصوبوں سے واقف کروائے ۔ راہول گاندھی کی پریس کانفرنس
نئی دہلی 26 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے آج کہا کہ ملک گیر لاک ڈاون کے چار مراحل ناکام ہوگئے ہیں اور ان سے وزیر اعظم نریندر مودی کو توقعات کے مطابق نتائج نہیں مل سکے ہیں۔ انہوں نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک کو کھولنے کی حکمت عملی بتائیں۔ ایک آن لائین پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ ہندوستان وہ واحد ملک ہے جو ایسے وقت لاک ڈاون میں نرمی دے رہا ہے جب وائرس تیزی کے ساتھ پھیلتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت لاک ڈاون نہ رہنے کے وقت میں بے ہنگم انداز میں کام کریگی تو ملک کو کورونا وائرس کی دوسری لہر کا سامنا کرنا پڑیگا جو انتہائی تباہ کن ہوسکتی ہے ۔ راہول گاندھی نے مزید کہا کہ اگر غریب کے ہاتھ میں پیسہ نہیں دیا گیا اور چھوٹی و اوسط صنعتوں کو بحال نہیں کیا گیا توملک میں سنگین معاشی نقصان ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جاننا چاہتے ہیں کہ حکومت کا مائیگرنٹس کی مدد کا کیا منصوبہ ہے اس کے علاوہ ریاستوں کی کس طرح سے مدد کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک ہندوستان میں معاشی و تجارتی سرگرمیاں بحال کرنے اور لاک ڈاون ختم کرنے کا سوال ہے تو اس میں حکومت کی حکمت عملی کیا ہے اور وہ کس طرح سے احتیاط کو ملحوظ رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ حکومت ان منصوبوں کا افشاء کرے کہ وہ کس طرح سے مائیگرنٹس کے بحران سے نمٹنا چاہتی ہے اور وہ کس طرح سے ملک میں ٹسٹس کی تعداد میں اضافہ کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کئی اہمیت کے حامل سوال ہیں جن کے حکومت ہمیں جواب نہیں دے رہی ہے ۔ ان سوالات کے فوری جواب دئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے کہا تھا کہ کورونا کے خلاف جنگ 21 دن میں جیت لی جائے گی تاہم 60 دن بعد اب یہ واضح ہوگیا کہ آیا لاک ڈاون وائرس کو شکست دینے میں ناکام ہوگیا ہے ۔