لاہور میں نواز شریف سے بلاول بھٹو کی ملاقات

,

   

عمران خان کے خلاف بڑے اپوزیشن اتحاد کے قیام کی قیاس آرائیاں

لاہور ۔ 22 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سیاسی منظر میں ایک نمایاں تبدیلی کے طور پر اپوزیشن لیڈر بلاول زرداری بھٹو نے پیر کو کوٹ لکھ پت جیل پہنچ کر سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور عمران خان کے زیرقیادت حکومت سے مطالبہ کیا کہ جیل میں قید علیل رہنما کو موثر طبی علاج کی سہولت فراہم کی جائے ۔ 67سالہ نواز شریف رشوت ستانی کے مقدمہ میں مجرم قرار دیئے جانے کے بعد لاہور میں سخت ترین حفاظتی انتظامات والی کوٹ لکھ پت جیل میں ڈسمبر 2018ء سے قید ہیں ۔ نواز شریف کی دختر مریم نواز نے جمعرات کو شریف کا معائنہ کرنے والے امراض قلب کے ماہر ڈاکٹروں کے حوالہ سے کہا کہ تین مرتبہ وزیراعظم رہ چکے قائد کے قلب کے امراض پیچیدہ ہوگئے ہیں ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے صدرنشین بلاول بھٹو کی نواز شریف سے کی گئی اس ملاقات کو پاکستان کے سیاسی مبصرین آنے والے دنوں میں عمران خان کے خلاف ایک بڑے اپوزیشن اتحاد کے قیام کی سمت ایک اہم قدم کے طور پر دیکھ رہے ہیں ۔ بلاول نے ملاقات کے بعد جیل کے باہر منتظر اخباری نمائندوں سے کہا کہ وہ صرف نوامش ریف کی عیادت اور مزاج پرسی کیلئے آئے تھے ۔ 30سالہ بلاول نے کہا کہ ’’ اگرچہ ان ( نواز شریف ) کے ساتھ ہمارے سیاسی اختلافات ضرور ہیں میں صرف ان کی مزاج پرسی کے لئے پہنچا تھا ۔ وہ کافی علیل نظر ارہے تھے ۔ بلاول نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ انہیں بہتر علاج فراہم کیا جائے ۔ انہیں ان کے مرضی کے مطابق علاج فراہم کیا جائے ۔ ان کے ساتھ کوئی ناانصافی نہ کی جائے ۔