لاہور میں ٹرین ۔ بس تصادم ، 21 پاکستانی سکھ یاتری ہلاک

,

   

لاہور : ننکانہ صاحب سے واپس ہونے والے کم از کم 21 پاکستانی سکھ یاتری جمعہ کو اُس وقت ہلاک ہوگئے جب ان کی منی بس کے ڈرائیور نے ایک ریلوے کراسنگ سے بچنے کیلئے چھوٹے راستے کو اختیار کیا اور نتیجتاً گاڑی پاسنجر ٹرین سے جاٹکرائی ۔ عہدیداروں نے کہا کہ ملک کے صوبہ پنجاب میں پیش آئے اس افسوسناک حادثہ میں 21 سکھوں کے بشمول 22 افراد ہلاک ہوگئے جن میں 11 مرد ، 9 خواتین اور 1 بچہ شامل ہے ۔ خوفناک حادثہ میں ایک مسلم شخص بھی ہلاک ہوا ۔ سکھوں کا تعلق پشاور سے بتایا گیا جبکہ یہ حادثہ شیخو پورہ میں پیش آیا ۔ پولیس نے کہا کہ منی بس میں تقریباً 26 سکھ یاتری سفر کررہے تھے اور یہ گاڑی لاہور جانے والی شاہ حسین ایکسپریس سے متصادم ہوگئی جو کراچی سے آرہی تھی ۔ حادثہ کا مقام ضلع شیخو پورہ کے قریب واقع ریلوے کراسنگ ہے ۔ بچاؤ شعبہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ حادثہ میں کم از کم 5 افراد زخمی ہوئے اور ان تمام کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرس ہاسپٹل ، شیخو پورہ منتقل کیا گیا ہے ۔ ریلوے کراسنگ کی گیٹ بند تھی اور سمجھا جاتا ہے کہ بس ڈرائیور نے گیٹ کھلنے کا انتظار کرنے کے بجائے شارٹ کٹ اختیار کیا ۔ پولیس نے ان رپورٹس کی تردید کی کہ کراسنگ میں گارڈ متعین نہیں تھا ۔