لبنانی خاتون ٹیچر نے اپنی کار طلبا پر چڑھا دی، متعدد زخمی، واقعہ کی تحقیقات

   

بیروت : سوشل میڈیا پر لبنان کی ایک خاتون ٹیچر کی جانب سے طلبا کو کار سے کچلنے کے واقعہ کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ یہ واقعہ طلبا کے ایک گروپ کے درمیان جھگڑے کے دوران پیش آیا۔ گاڑی کی ٹکر سے کئی طلبا زخمی ہوگئے، بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔اس خوف ناک حادثہ کا شکار ہونے والے طلبا میں سے بعض کو اسپتال لے جایا گیا۔ سوشل میڈیا پر اس واقعہ کی ایک صوتی ریکارڈنگ بھی نشر کی گئی ہے۔ آڈیو میں یہ بات سنی جا سکتی ہے کہ ایک خاتون نے تیز رفتار کار سڑک پر کھڑے لوگوں کے ہجوم پر چڑھا دی، ان میں سے بیشتر اسکول کے طلبا تھے۔ یہ واقعہ جنوبی لبنان میں مریجہ کے مقام پر پیش آیا۔مریجہ کے علاقے میں ایک اسکول کے سامنے طلباء کے درمیان جھگڑا ہوا۔ دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر بھرپور وار کیے اور چاقووں سے بھی حملے کیے گئے۔ اس دوران ایک تیز رفتار کارہجوم کی طرف آئی اور کئی افراد جن میں زیادہ تر طلبا تھے کو کچل دیا۔