لداخ مسئلہ پر چین سے کوئی جنگ نہیں کی جائیگی

,

   

ہندوستانی فورسس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے تیار:مارشل آر کے ایس بھدرئیا

حیدرآباد ۔ ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ مارشل آر کے ایس بھدرئیا نے کہا ہے کہ لداخ کے مسئلہ پر چین کے ساتھ کوئی جنگ نہیں کی جائے گی تاہم ہندوستانی فورسس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔تلنگانہ کے اہم مانے جانے والے ڈنڈیگل ایرفورس اکیڈیمی میں ہندوستانی فضائیہ کے کیڈٹس کی رنگارنگ پاسنگ آوٹ پریڈ کی سلامی لینے کے بعد میڈیاسے بات کرتے ہوئے بھدرئیا نے کہا کہ گلوان وادی میں ہندوستانی فوجیوں کی قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی۔انہوں نے کہاکہ فوجیں تیار تھیں اوران کے ساتھ مناسب آلات بھی تھے ۔انہوں نے کہاکہ لداخ میں چھوٹی سے جھڑپ تھی۔قبل ازیں پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب سے مہمان خصوصی کے طورپر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرحد پر ہوئے تصادم میں شہیدجوانوں کی قربانیوں کو ہم ضائع ہونے نہیں دیں گے ۔تربیت کی تکمیل کرنے والے کیڈیٹس کو انہوں نے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ فی الحال سرحد پر حالات معمول پر ہیں۔اگر مستقبل میں صورتحال بگڑتی ہے تواس کا سامنا کرنے اور صورتحال سے نمٹنے کے لئے تینوں مسلح افواج تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ چین کے غیر متوقع حملہ میں ہمارے جوانوں کی جان گئی۔کتنے بھی چیلنجس کیوں نہ ہوں ہم ملک کی خدمت کیلئے تیار ہیں جو ہمارا اولین فریضہ ہے۔ سرحد پر حالات بگڑتے ہیں یا کوئی چھوٹا بھی واقعہ پیش آتا ہے تو ہم پوری طرح چوکس ہوجائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ اس اکیڈیمی سے تربیت حاصل کرنے والے 123کیڈیٹس کو راست طورپر سرحد پر بھیجا جائے گا۔ساتھ ہی دیگر مراکز سے تربیت حاصل کرنے والے کیڈیٹس کو بھی موجودہ حالات میں سرحد پر روانہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں عصری ٹکنالوجی کا استعمال ضروری ہے ۔کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہم تیار اور ہم طاقت رکھتے ہیں۔مناسب وقت پر مناسب جواب بھی ہماری طرف سے دیاجائے گا۔ سرحد پر مکمل طورپر چوکسی اختیار کی گئی ہے۔ ہمیں حالات کا مکمل اندازہ ہے۔ اس موقع پر گلوان میں شہید جنرل سنتوش کی ٹیم کو خراج پیش کیاگیا۔