نئی دہلی: G-20 کی سربراہی کانفرنس میں آنے والے مندوبین نہ صرف دنیا کے سلگتے ہوئے مسائل اور اقتصادی موضوعات پر گفتگو کریں گے بلکہ وہ ہندوستانی لذیذ پکوانوں سے بھی لطف اندوز ہوں گے ۔ روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کی غیر موجودگی میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں مرکزی حکومت نے G-20 سربراہان مملکت کی بیگمات اور خواتین نمائندوں کو جدید طرز میں تیار کردہ قدیم ہندوستانی پکوانوں کا ذائقہ لینے کیلئے مدعو کیا ہے ۔ انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ، پوسہ میں مہمانوں کو نہ صرف موٹے اناج سے بنی پکوانوں کا ذائقہ لینے ، بلکہ انہیں تیار کرکے عالمی تھالی میں پیش کرنے کیلئے مدعو کیا گیا ہے ۔ اس کیلئے پوسہ میں ’’لائیو کوکنگ ایریا‘‘ بنایا گیا ہے ۔ دنیا کے تین نامور باورچیوں کنال کپور، اجے چوپڑا اور اناہیتا ڈھونڈھی کو قدیم موٹے اناج خصوصاً جوار، باجرا، راگی وغیرہ سے پکوان تیار کرنے کیلئے خصوصی طور پر بلایا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ آئی ٹی سی گروپ کے دو شیف، کش ماتھر اور نکیتا کے ساتھ ہی کچھ دیگر ساتھیوں کو بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کیلئے مدعو کیا گیا ہے ۔