اسلام آباد؍ لندن؍ پیرس۔ 9 مئی (ایجنسیز) پاکستان ہائی کمیشن لندن میں ’معرکہ حق‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پْروقار خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان، پاکستانی نڑاد کونسلرز، تاجروں، ہائی کمیشن افسران، میڈیا نمائندگان اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قائم مقام ہائی کمشنر حسیب بن عزیز نے کلیدی خطاب میں کہا کہ یہ اجتماع پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کیا گیا ہے، ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کے دوران افواجِ پاکستان نے تیز، فیصلہ کن اور مؤثر ردعمل دیا جس نے ملک کی خودمختاری اور وقار کا دفاع کیا۔ انہوں نے بیرونِ ملک پاکستانیوں کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے غیر متزلزل یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ ڈیفنس اور نیول ایڈوائزر کموڈور جواد خواجہ اور آرمی و ایئر ایڈوائزر کرنل محسن وقار نے اپنے خطابات میں کہا کہ پاکستان کی دفاعی افواج نے اتحاد اور پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔ پریس منسٹر علی نواز ملک نے بتایا کہ ہائی کمیشن نے برطانوی میڈیا کو درست معلومات فراہم کرنے اور جھوٹے بیانیے کے مقابلے میں مؤثر کردار ادا کیا۔