لنچنگ پر بی جے پی قیادت خاموش کیوں: راہول

   

نئی دہلی۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج ریمارک کیا کہ جھارکھنڈ میں 24 سالہ نوجوان کی مبینہ لنچنگ انسانیت پر کلنک ہے اور کہا کہ بی جے پی حکمرانی والی مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی طاقتور آوازوں کی اس واقعہ پر خاموشی حیران کن ہے۔ 18 جون کو چوری کے الزام پر ہجوم نے تبریز انصاری کو مارپیٹ کر ہلاک کردیا اور ایک ویڈیو سے ظاہر ہوا کہ اسے ’’جئے شری رام‘‘ اور ’’جئے ہنومان‘‘ کہنے پر مجبور کیا گیا۔ جھارکھنڈ کے ضلع سرائے کیلا خرساون میں پیش آئے واقعہ کے بعد جمشید پور کے ٹاٹا مین ہاسپٹل میں ڈاکٹروں نے کہا کہ اسے مردہ حالت میں لایا گیا۔ راہول نے اس واقعہ کی ویڈیو کے ایک منظر کے ساتھ ٹوئیٹ میں کہا کہ جھارکھنڈ میں نوجوان کو ہجوم نے بہیمانہ طور پر ہلاک کیا۔ پولیس کا ظلم دیکھئے کہ تڑپتے نوجوان کو 4 دن تحویل میں رکھا لیکن بی جے پی حکومتوں کی طاقتور آوازوں کی خاموشی صدمہ انگیز ہے۔ صدر کانگریس نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ India Against Lynch Terror کا ہیاش ٹیاگ استعمال کیا۔ انصاری کی موت کے سلسلے میں 11 افراد گرفتار کئے گئے ہیں اور خصوصی تحقیقاتی ٹیم اس معاملے کی جانچ کررہی ہے۔