لنگم پیٹ میں جائیداد کیلئے بیٹے کے ہاتھوں ماں کا قتل

   

یلاریڈی : جائیداد کی خاطر بیٹے کے ہاتھوں ماں کے قتل کا افسوسناک واقعہ منڈل لنگم پیٹ کے تٹ پلی سنگاریڈی علاقہ میں پیش آیا ۔ سب انسپکر مسٹر سریکانت کی تفصیلات کے مطابق 48 سالہ ایلووا خاتون کو کرشنا نامی بیٹا ہے جو اپنی ماں کے نام دو ایکڑ اراضی کو اپنے نام پر منتقل کرنے کیلئے آئے دن اصرار کرتے ہوئے ہراساںاکرتا رہتا تھا ،ماں ہمیشہ ایسا کرنے سے انکار کرتی جس پر کرشنا نے ماں کو قتل کرنے کا منصوبہ بناتے ہوئے ماں کو قتل کرکے دو ایکڑ اراضی اپنے نام کرنے کی سازش کی۔ اس کے علاوہ کسان بیمہ اسکیم کے تحت پانچ لاکھ روپئے رقم بھی حکومت سے ہاتھ لگنے کے لالچ میں کرشنا نے بیوی لکشمی کے ساتھ مل کر ماں کا رات کو گلہ گھونٹ کر قتل کردیا اور صبح اُٹھ کر روز کی طرح مزدوری کے کام پر چلا گیا اور بیوی کو اسی موضع میں موجود میکے کے گھر بھیج دیا ۔ اطراف کے لوگوں نے دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی جس پر یلاریڈی سرکل انسپکٹر راج شیکھر ، لنگم پیٹ سب انسپکٹر سریکانت مقام واردات پر پہنچ کر تفصیلات حاصل کیں۔ پولیس نے بیٹے کی تفتیش کرنے پر اس نے اپنا جرم قبول کیا اور پولیس نے ماں کے قتل کے جُرم میں بیٹے اور بہو کے خلاف مقدمہ درج کیا ۔ اس سنسنی خیز واردات پرعلاقہ کے عوام نے تعجب کا اظہار کیا۔