لوجہاد قانون سے بے روزگاری ختم نہیں ہوگی:ڈگ وجئے

   

بی جے پی حکومت پر اہم مسئلوں سے توجہ ہٹانے کا الزام

دموہ: مدھیہ پردیش کے سابق چیف منسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے لو جہاد کے سلسلے میں کہا ہے کہ اگر اس سے بے روزگاری،پسماندگی اور غریبی ختم ہوجائے تو ہمیں کوئی دقت نہیں۔ سنگھ نے ایک نجی پروگرام میں بھوپال سے پنا جاتے وقت کل رات دموہ میں بی جے پی حکومت پر اہم مسئلوں سے توجہ بھٹکانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ آج جو مسئلے ہیں،حکومت ان پر کیوں توجہ نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کورونا ویکسن کے مدھیہ پردیش میں لوگوں پر ہونے والے ٹیسٹ پر کہا کہ اس میں پروٹوکول پر عمل ہونا چاہئے ۔حکومت کو جلدبازی نہیں کرنی چاہئے ۔اگر کوئی برا اثر ہوا تو ذمہ داری کس کی ہوگی۔کسان تحریک پر انہوں نے کہاکہ کسان اپنی بنیادی سہولیات کا مطالبہ کررہے ہیں۔ بی جے پی کو اس پر بات چیت کرنی تھی۔ اس قانون سے بڑے لوگوں اور ملٹی نیشنل سطح کے لوگوں کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے ،اس لئے کسان تحریک کررہے ہیں۔ اگر قانون لانے سے پہلے ہی حکومت کسانوں سے بات کرلیتی،تو یہ نوبت ہی نہیں آتی۔ سنگھ نے ضمنی انتخابات کے نتائج کے سلسلے میں کہا کہ الیکشن کے نتائج کانگریس کی امید کے مطابق نہیں رہے ۔ اس بات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔ مستقبل میں ہونے والے علاقائی بلدیاتی انتخابات میں نوجوانوں کو موقع دیا جائے گا۔