لوکیش کی پد یاتر ا پر حملہ کی کوشش‘ گورنر سے تلگو دیشم کی نمائندگی

   

حیدرآباد ۔9 ۔ جون (سیاست نیوز) تلگو دیشم کے آندھراپردیش صدر کے اچن نائیڈو اور سابق صدر نشین قانون ساز کونسل احمد شریف کی زیر قیادت تلگو دیشم قائدین کے وفد نے گورنر آندھراپردیش جسٹس عبدالنذیر سے ملاقات کی اور لوکیش کی پد یاترا کے دوران سیکوریٹی کے انتظامات سخت کرنے کی درخواست کی ۔ تلگو دیشم قائدین نے کہا کہ لوکیش کو معمولی سی تکلیف پہنچتی ہے تو اس کے لئے جگن موہن ریڈی حکومت ذمہ دار ہوگی۔ گورنر کو بتایا گیا کہ نوجوانوں کے نام پر پد یاترا کرنے والے تلگو دیشم کے قومی جنرل سکریٹری نارا لوکیش کو وائی ایس آر کانگریس غنڈوں کی جانب سے نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تلگو دیشم قائدین نے کہا کہ پولیس کی ملی بھگت سے پد یاترا میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ۔ ڈی ایس پی اور دیگر عہدیداروں کی موجودگی میں پد یاترا پر حملہ کیا گیا ۔ گورنر سے شکایت کی گئی کہ رائلسیما کے بعض قائدین لوکیش کے خلاف کھل کر بیان بازی کر رہے ہیں۔ ضلع نظم و نسق اور پولیس کی جانب سے حفاظتی انتظامات پر کوئی توجہ نہیں ہے۔ احمد شریف نے آندھراپردیش میں مسلمانوں پر حملوں اور مظالم کے واقعات میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ مسلمانوں پر مظالم کے خلاف لوکیش نے گورنر کو مکتوب روانہ کیا ہے جس میں تقریباً 50 واقعات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ر