لوک آیوکت کالونی میں ناجائز قبضوں کی برخواستگی کے باوجود دوبارہ جبراً قابض

   

حیدرآباد۔/18 جنوری، ( سیاست نیوز) سعیدآباد لوک آیوکت کالونی میں مبینہ غیر مجاز قبضوں کو برخاست کرنے کے اندرون ایک ہفتہ وہاں پر مقیم افراد دوبارہ جبراًقابض ہوگئے۔ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق مقامی تحصیلدار نے مبینہ غیر مجاز قبضوں کو برخواست کرواتے ہوئے اراضی کی دعویدار خاتون کو قبضہ دلایا تھا لیکن وہاں پر مقیم قبائیلی قابضین کی بازآبادکاری نہ کئے جانے پر وہ دوبارہ قابض ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ دوبارہ قابض ہونے کے دوران بعض افراد نے لاٹھیوں کا استعمال کرتے ہوئے وہاں کی سیکوریٹی کیلئے موجود افراد پرحملہ کردیا۔ اس سلسلہ میں پولیس سعیدآباد نے تقریباً 50 سے زائد افراد کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات کی جارہی ہیں۔ سب انسپکٹر سعیدآباد پولیس اسٹیشن ایل روی کمار نے بتایا کہ دوبارہ اراضی پر قابض ہونے کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں پولیس مزید کارروائی کرے گی۔ب