بی آر ایس کا وجود برائے نام ، ڈاکٹر چنا ریڈی نے نائب صدر نشین پلاننگ بورڈ کی ذمہ داری سنبھال لی
حیدرآباد ۔ 29 ۔ فروری(سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین کی حیثیت سے سابق وزیر ڈاکٹر جی چناریڈی نے آج جائزہ حاصل کرلیا ۔ مہاتما جیوتی با پھولے پرجا بھون میں نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ کا دفتر الاٹ کیا گیا ہے۔ کانگریس قائدین اور عہدیداروں کی موجودگی میں ڈاکٹر جی چنا ریڈی نے اپنی ذمہ داری سنبھال لی ، بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چنا ریڈی نے بی آر ایس قائدین کے مجوزہ دورہ کالیشورم پراجکٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور سوال کیا کہ بی آر ایس قائدین کیا صورت لے کر کالیشورم کا دورہ کر رہے ہیں ؟ کالیشورم پراجکٹ اور اس کے تحت بیاریجس کی ناقص تعمیرات کے لئے سابق بی آر ایس حکومت ذمہ دار ہیں اور تعمیری کاموں میں ہزاروں کروڑ کی بے قاعدگیاں کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے پراجکٹ میں بے قاعدگیاں اور ناقص تعمیرات کو بے نقاب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ناراضگی سے بچنے کیلئے بی آر ایس قائدین کالیشورم اور میڈی گڈہ کا دورہ کر رہے ہیں جہاں وہ ریونت ریڈی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنائیں گے۔ ڈاکٹر چنا ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس قائدین کو کالیشورم پراجکٹ کے دورہ کا اخلاقی حق نہیں ہے کیونکہ پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کے لئے بی آر ایس ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ کے دورہ کے موقع پر بی آر ایس قائدین کو تلنگانہ عوام سے معذرت خواہی کرنی چاہئے کہ انہوں نے غیر معیاری تعمیرات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس نے خوشحال تلنگانہ ریاست کو مقروض ریاست میں تبدیل کردیا ہے ۔ ریاست کی تشکیل کے وقت تلنگانہ کا قرض 70,000 کروڑ تھا جو بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں بڑھ کر 7 لاکھ کروڑ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے زیر التواء بلز کی ادائیگی کیلئے 40 ہزار کروڑ کی ضرورت ہے۔ بی آر ایس حکومت کا ہر پراجکٹ اور اسکیم بے قاعدگیوں سے پر تھی۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس نے دو لاکھ جائیدادوں کو تقررات کا اعلان کیا ہے اور 75 دنوں میں 30 ہزار سے زائد جائیدادوں پر تقررات مکمل کئے گئے ۔ ہر ضلع میں اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر قائم کرتے ہوئے بیروزگار نوجوانوں کو روزگار پر مبنی کورسس میں ٹریننگ دی جائے گی۔ ڈاکٹر چنا ریڈی نے کہا کہ لوک سبھا چناؤ میں اصل مقابلہ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان رہے گا۔ بی آر ایس کی موجودگی برائے نام رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کرے گی۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی مدھو سدن ریڈی ، ڈاکٹر ومشی چند اور دوسرے موجود تھے۔ 1