لڑکیوں میں حفظان صحت کیلئے شعور بیداری ضروری : کلکٹر

   

پداپلی : ذاتی حفظان صحت سے متعلق لڑکیوں میں شعور اجاگر کرنے کی ضلع کلکٹر پداپلی ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔ راشٹریہ کشور سواستیا پروگرام کے تحت تیار کردہ پائلٹ پراجکٹ کے نفاذ پر بروز منگل 03 اگست کو ضلع کلکٹر نے متعلقہ عہدیداروں کے ہمراہ کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں ایک ہم آہنگی اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا۔ اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ راشٹریہ کشور سواستیا پروگرام کے تحت انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر ڈائریکٹر الوگو ورشنی کے احکامات کے بموجب 10 تا 19 سال کے لڑکیوں کے لئے ذاتی حفظان صحت ، کم عمری میں لڑکیوں کی شادی اور جنسی ہراسانی کی روک تھام کے لئے پائلٹ پراجکٹ کے تحت پداپلی ضلع کو منتخب کیا گیا ہے۔ پائلٹ پراجکٹ کے تحت پداپلی ضلع کے انتخاب پر ضلع کلکٹر نے مسرت کا اظہار کیا۔