لڑکیوں کے تحفظ کیلئے مفت قانونی خدمات کی فراہمی

   

سائبر کرائم سے بچنے بیداری ضروری، نارائن پیٹ میں جونیر سیول جج پروین بیگم کا خطاب

نارائن پیٹ۔/25 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جونیر سیول جج نارائن پیٹ محترمہ پروین بیگم نے کہا کہ عوام کو چاہیئے کہ سائبر کرائم کا شکار نہ بنیں۔ وہ مقامی عدالت کے احاطہ میں قانونی بیداری کانفرنس میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس کانفرنس میں وہ مہمان خصوصی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سیکٹر میں سائبر کرائمس کا اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ بالخصوص لڑکیوں کو ذراسی لاپرواہی کی وجہ سے دھوکہ دہی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ان کے تحفظ کے لئے عدالتی اتھاریٹی کی جانب سے قانونی خدمات کے تحت جو مفت قانونی خدمات کا اہتمام کیا جارہا ہے استفادہ کریں۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ معاشرہ میں لڑکیاں موبائیل فون پر بہت سارے ویڈیوز دیکھ کر خراب ہورہی ہیں اور نوجوان بھی یو ٹیوب ویڈیوز کے ذریعہ گمراہ ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا ہم یہ نہیں دیکھ رہے ہیں کہ معاشرہ میں اس کی کتنی خطرناک تباہ کاریاں وجود میں آرہی ہیں، ہمیں اس کے نتائج کے بارے میں سوچنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اس کے لئے قانون سازی کی گئی ہے لیکن ہم کو اس کے صحیح استعمال کا طریقہ نہیں معلوم ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہاس طرح کی قانون سے آگہی پروگرام میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ نابالع لڑکیوں کو فون سے دور رکھیں ۔ اس موقع پر عبدالسلیم ایڈوکیٹ سکریٹری بار اسوسی ایشن، ملک ارجن ، جی ہنمنتو، سیتا رام، کرشنا، نارائنا ، کے نرسملو اور دیگر موجود تھے۔