لکشادویپ ایم پی محمد فیضل کو 10 سال قید

   

کوچی : لکشادویپ کی ایک عدالت میں آج این سی پی رکن لوک سبھا محمد فیضل کو اقدام قتل کے کیس میں 10 سال قید کی سزاء سنائی ہے۔ اس کیس کے ملزم نمبر 2 فیضل کے ساتھ ان کے 2 بھائیوں اور ایک دیگر شخص کو بھی اسی کیس میں جیل بھیجا گیا ہے۔ یہ کیس 2009ء کی لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران پیش آئے ایک جھگڑے سے متعلق ہے جب کانگریس لیڈر محمد صالح کو ہجوم نے شدید زدوکوب کیا تھا۔ صالح سابق لکشادویپ لوک سبھا ایم پی اور کانگریس ویٹرن پی ایم سعید مرحوم کے داماد ہیں ۔سعید نے 2005 ء میں انتقال سے قبل اس جزیرہ لوک سبھا حلقہ کی لگاتار 10 مرتبہ نمائندگی کی تھی۔ 2009ء کے جھگڑے میں فیضل کے ساتھ ان کے برادران اور کئی دیگر افراد کو ماخوذ کیا گیا تھا۔ اس حملہ میں صالح شدید زخمی ہوئے تھے۔