آئی پی ایل میںخریداری کا نیا ریکارڈ
نئی دہلی، 3 مئی (یو این آئی) برطانیہ میں مقیم ہند نژاد اسٹیل ٹائیکون لکشمی متل نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی پہلی فاتح ٹیم راجستھان رائلزکی ملکیت حاصل کرنے کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے ۔ یہ معاہدہ1.65 ارب ڈالر (تقریباً 15,660 کروڑ روپے ) میں طے ہوا ہے ، جو آئی پی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین سودوں میں سے ایک ہے ۔اس خریداری کے لیے ایک طاقتور کنسورشیم تشکیل دیاگیا ہے جس میں متل فیملی لکشمی متل، آدتیہ متل اور ونیشا متل بھاٹیہ اس گروپ کے مرکزی مالکان ہوں گے جن کے پاس 75 فیصد حصص ہوں گے ۔ سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے سی ای او آدر پونا والا18 فیصد حصے کے ساتھ پارٹنر ہوں گے ۔ سابق مرکزی مالک منوج بڈالے اب7 فیصد حصص کے ساتھ ایک مشیر اور ماضی و حال کے درمیان پل کے طور پر ٹیم سے وابستہ رہیں گے ۔اس معاہدے کے تحت نہ صرف آئی پی ایل کی راجستھان رائلز بلکہ اس کی عالمی شاخیں بھی متل فیملی کے پاس چلی جائیں گی، جن میں پال رائلز (جنوبی افریقہ) اور بارباڈوس رائلز (کیریبین) شامل ہیں۔ لکشمی متل جن کی پیدائش شمالی راجستھان کے گاؤں سادول پور میں ہوئی، انہوں نے اس موقع پرکہا میرا خاندان راجستھان سے ہے ، اس لیے آئی پی ایل میں راجستھان رائلزکے علاوہ کوئی دوسری ٹیم نہیں تھی جس کا میں حصہ بننا چاہتا۔ میں اس عظیم ٹیم کی مستقبل کی کامیابیوں کا حصہ بننے کے لیے پرجوش ہوں۔ یہ اعلان کرکٹ کی دنیا کے لیے ایک حیران کردینے والا اعلان ہے کیونکہ اس سے قبل امریکی گروپ (وال مارٹ اور فورڈ فیملی) کو نیا مالک تصورکیا جا رہا تھا۔یہ سودا بی سی سی آئی اور دیگر متعلقہ اداروں کی منظوری کے بعد2026 کی تیسری سہ ماہی تک مکمل ہونے کی توقع ہے ۔ راجستھان رائلز اس وقت آئی پی ایل2026 میں بہترین فارم میں ہے اور پلے آف کی طرف گامزن ہے ۔ نوجوان بیٹر ویبھو سوریا ونشی ٹیم کے لیے کلیدی کھلاڑی ثابت ہو رہے ہیں۔ اس میگا ڈیل کے لیے گولڈمین سیکس نے مالیاتی مشیر، جبکہ ٹرائی لیگل اور سیرل امر چند منگل داس نے قانونی مشیر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ فروخت کے عمل کی نگرانی رین نے کی۔اس معاہدہ کے بعد آئی پی ایل میں ایک نئے باب کا اضافہ ہے جوکہ دولت کے ریکارڈ کو ایک نئی سطح پر پہنچادیا۔