لکشمی پاروتی کی ڈائرکٹر جنرل پولیس سے ملاقات

   

سوشل میڈیا میں ان کے خلاف فحش مہم کی شکایت
حیدرآباد۔15 اپریل (سیاست نیوز) آنجہانی این ٹی راما رائو کی بیوہ لکشمی پاروتی نے آج ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ مہیندر ریڈی سے ملاقات کی انہوں نے سوشل میڈیا پر ان کے خلاف جاری مہم پر اعتراض کیا اور خاطیوں کے خلاف کارروائی کی مانگ کی۔ لکشمی پاروتی جو وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہوچکی ہیں، ڈائرکٹر جنرل پولیس کو بتایا کہ ایک نوجوان کے علاوہ بعض دیگر افراد سوشل میڈیا پر انہیں نشانہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوٹی نامی ایک نوجوان نے ان کے خلاف مہم چلائی ہے وہ اسے بیٹے کی طرح سمجھتی ہیں۔ اس سازش کے پس پردہ افراد کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف اس طرح کی مہم کا فوری تدارک ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستوں کی انتخابی مہم کے دوران اچانک سوشل میڈیا پر مہم شروع کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم سے انہیں ذہنی طور پر اذیت پہنچی ہے۔ واٹس ایپ پر انہیں فحش پیامات اور کلپس روانہ کیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف مذموم مہم کا مقابلہ کرنے کے لیے وہ این ٹی آر مہیلا سنگھ نامی تنظیم کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہیں۔ جہاں کہیں خواتین سے ناانصافی ہوگی وہ جدوجہد کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی نے انہیں خاطیوں کے خلاف کارروائی کا یقین دلایا ہے۔