لیبیا میں 13000 افراد نقل مکانی پر مجبور ، عالمی ادارہ صحت کا بیان

   

خونریز جھڑپوں میں شدت، ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ کا اندیشہ ،زخمیوں کو ادویات کی سربراہی

طرابلس،15اپریل (سیاست ڈاٹ کام) معمر قذافی کی حکومت کا تختہ پلٹے جانے کے بعد لیبیا میں دارالحکومت طرابلس پر قبضے کی جنگ شدت اختیار کر گئی ہے اور عسکری گروپ حفتارکی جانب سے حکومت کے خلاف شروع کی گئی جارحانہ کارروائیوں اور جھڑپوں کے نتیجے میں اب تک 121 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ حفتار کی فورسز اور اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومتی افواج کے درمیان جھڑپوں میں دونوں فریقین نے پیش قدمی کا دعویٰ کیا ہے لیکن حالیہ دنوں میں دونوں میں سے کسی کی بھی فورسز زیادہ آگے نہیں بڑھ سکیں۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق 4 اپریل سے شروع ہونے والی ان جھڑپوں میں اب تک 121 افراد ہلاک اور 560 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں اور وہ طبی امداد کے لیے مزید عملہ اور ادویات بھیج رہے ہیں۔سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں عالمی ادارہ صحت نے بتایا کہ اس کے عملہ اور گاڑیوں پر حملے کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے انہیں اپنے کام میں مشکلات پیش آ رہی ہیں جبکہ ہفتے کو طبی عملے کے 3 افراد کی ہلاکت کی تصدیق بھی گئی تھی۔تیل کی دولت سے مالا مال ملک میں بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات پر عالمی قوتوں نے تشویش کا اظہار کیا جہاں 2011 میں ناٹو کی حمایت یافتہ افواج کی جانب سے سابق آمر معمر قذافی کو ہٹائے جانے کے بعد سے ملک مستقل مشکلات کا شکار ہے ، اس کے بعد سے مختلف قوتوں کی جانب سے ملک کے اقتدار پر قبضے کی جنگ بھی جاری ہے ۔حفتارکی جانب سے یہ جارحیت ایک ایسے موقع پر کی گئی، جب ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے جاریہ ماہ ایک کانفرنس شروع ہونے والی تھی تاہم اب اقوام متحدہ نے اس کانفرنس کو منسوخ کردیاہے ۔لیبیا کی نیشنل آرمی چلانے والے حفتار ملک کے مشرق میں واقع اپنے مرکز سے تیزی سے دارالحکومت کی جانب بڑھ رہے ہیں جہاں اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت کے سربراہ فیاض السراج موجود ہیں۔اتحادی حکومت کا کہنا تھا کہ افواج نے اتوار کو حفتارکی فورسز کا جنگی طیارہ مار گرایا جو جنوبی طرابلس میں فضائی حملے کی تیاری کر رہا تھا۔واضح رہے کہ حفتارنے مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے ملاقات کر کے ان سے درخواست کی کہ وہ لیبیا میں امن و استحکام کے لیے ان کی کوششوں کا ساتھ دیں۔رپورٹ کے مطابق السیسی نے ان کی حمایت کا اعلان کیا ہے جہاں حفتارکو عرب ریاستوں اور روس کی بھی حمایت حاصل ہے ۔جنوبی طرابلس میں جھڑپوں کے باعث لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے ، 13ہزار سے زائد افراد کو دوسرے مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ 900 سے زائد پناہ گاہوں میں زندگی گزار رہے ہیں۔