لیبیا کے ساحل سے 302 غیر قانونی تارکین وطن کو بچا لیا گیا:اقوام متحدہ

   

طرابلس: لیبیا کے ساحل سے 302 غیر قانونی تارکین وطن کو بچا لیا گیا ہے ۔اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ اقوام متحدہ کے مطابق تمام مہاجرین اب لیبیا واپس جا چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کی ایجنسی نے ٹویٹ کرکے بتایا ‘‘گزشتہ رات کی گئی تین کارروائیوں میں302 تارکین وطن کو ساحل سمندر سے بچا کر طرابلس اور جاویہ واپس لے جایا گیا۔اقوام متحدہ کے ادارے نے کہا کہ بچائے گئے پناہ گزینوں میں 50 خواتین اور 22 بچے شامل ہیں۔ بین الاقوامی ریڈ کراس کی طرف سے بچائے گئے تمام افراد کو طبی امداد اور امدادی سامان فراہم کیا گیا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2011 میں مرحوم رہنما معمر قذافی کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے لیبیا میں افراتفری کا ماحول ہے ، جس کی وجہ سے یہاں کے لوگ بہتر زندگی کی تلاش میں یوروپ جانا چاہتے ہیں۔ یہ لوگ غیر قانونی طریقوں سے ان ممالک تک پہنچنے کے لیے سمندری راستوں کا انتخاب کرتے ہیں اور یہ لوگ بحیرہ روم عبور کر کے یوروپی ممالک کے ساحلوں تک پہنچ جاتے ہیں۔