گوہاٹی ۔ 31 مئی (ایجنسیز) شمال مشرقی ریاست آسام میں مانسون نے تباہی مچا دی ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے جبکہ شہری علاقوں میں سیلاب سے ہزاروں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کے مطابق آسام میں شدید بارش کے بعد زمین کھسکنے سے تباہی ہوئی جبکہ سیلابی صورتحال نے بھی روزمرہ کی زندگی مفلوج ہو کرہ رہ گئی۔ ریاست کے بارہ اضلاع میں موسلا دھار بارش کے بعد ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ آسام کے وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا سارما نے جمعہ کے روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال اچھی نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ ہیمنت بسوا ساراما نے مزید کہا، ہم گزشتہ تین دن سے ممکنہ تباہی کا جائزہ لے رہے تھے۔ ان کے بقول متاثرہ علاقوں میں غذائی امداد کے طور پر چاول کی کثیر مقدار روانہ کر دی گئی ہے۔