مائیلار دیو پلی میں اے ٹی ایم سارق گرفتار

   

حیدرآباد۔/4جون، ( سیاست نیوز) اے ٹی ایم سارق کو مائیلار دیوپلی پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس راجندر نگر مسٹر اشوک چکراورتی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اے ٹی ایم سارق 30 سالہ کے منو یادو عرف کمار ساکن مائیلار دیوپلی کو گرفتار کرلیا۔ اس نے 25 مئی کو وشنو نامی ایک شخص کی مدد کرنے کے بہانے اے ٹی ایم سنٹر پر اس کے کارڈ کا نمبر حاصل کرلیا اور پن نمبر بھی حاصل کرتے ہوئے اس کے بینک کھاتے سے تین لاکھ 70 ہزار روپئے کا سرقہ کرلیا۔ وشنو کی شکایت پر مائیلار دیو پلی پولیس کی ٹیم نے تحقیقات کرتے ہوئے منو یادو کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے 2 لاکھ 10 ہزار روپئے نقد رقم کے علاوہ سیل فونس اور ساڑیاں اور دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا۔ شکایت گذار کے اکاؤنٹ میں 4 لاکھ سے زائد رقم تھی ۔ اے سی پی نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ اے ٹی ایم کے پن نمبر کو اے ٹی ایم کارڈز پر درج نہ کریں اور انتہائی راز داری میں رکھیں اور چوکس رہیں۔