ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں مائیکرو سافٹ ایشیا ہیڈ آحمد مظہری کی کے ٹی آر سے ملاقات
حیدرآباد /20 جنوری ( سیاست نیوز ) شہرت یافتہ سافٹ ویر کمپنی مائیکرو سافٹ نے 16,000کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری سے حیدرآباد میں 3 ڈاٹا سنٹرس قائم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ڈاوس میں جاری ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر کی موجودگی میں یہ اعلان کیا گیا ۔ مائیکرو سافٹ کمپنی نے گذشتہ سال ہی 3 ڈاٹا سنٹرس قائم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ مزید 3 ڈاٹا سنٹرس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس طرح مائیکرو سافٹ کے جملہ 6 ڈاٹا سنٹرس حیدرآباد میں قائم ہو رہے ہیں اور سرمایہ کاری بھی دوگنی ہوگی ۔ ایک ڈاٹا سنٹر کی گنجائش 100 میگاواٹ ہوگی مرحلہ وار اساس پر اس میں مزید توسیع دی جائے گی ۔ کے ٹی آر نے ڈاوس میں مائیکرو سافٹ ایشیا کے ہیڈ آحمد مظہری سے ملاقات کی جس میں مائیکرو سافٹ نے اپنی سرمایہ کاری کے توسیعی حکمت عملی کا اعلان کیا ۔ کلوڈ پر مبنی بنیادی سہولتوں کا ا صافہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر صارفین کو عمدہ خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے اتنی بڑی سرمایہ کاری کر رہی ہے ۔ مائیکرو سافٹ ایشیا ہیڈ آحمد مظہری نے بتایا کہ حیدرآباد سے مائیکرو سافٹ کے خوشگوار تعلقات ہیں ۔ دنیا بھر میں موجود مائیکرو سافٹ کی سرگرمیوں میں حیدرآباد خصوصی مقام رکھتا ہے۔ مستقبل میں ہم حیدرآباد میں مزید سرمایہ کاری کریں گے ۔ ہندوستان کو مرکز بناکر حیدرآباد میں مائیکرو سافٹ پراجکٹس انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور جو ڈاٹا سنٹرس قائم کئے جارہے ہیں وہ کلیدی رول ادا کریں گے ۔ ڈاٹا سنٹرس کے قیام و دوسرے پراجکٹس کیلئے تلنگانہ حکومت سے مل کر کام کرنے کا ہم جائزہ لے رہے ہیں ۔ مائیکرو سافٹ نے حیدرآباد کو ہندوستان میں اپنی ڈاٹا خدمات کو وسعت دینے مرکز کے طور پر منتخب کیا ہے ۔ اس کے حصہ کے طور پر گذشتہ سال یہ اعلان کیا گیا تھا کہ آئندہ 15 سال میں مرحلہ وار طور پر حیدرآباد کے چندن ویلی ، ایلی کٹہ اور کوتور میں 3 ڈاٹا سنٹرس قائم کئے جائیں گے ۔ ان ڈاٹا سنٹرس کیلئے 1,20,000 مربع فٹ جگہ استعمال کی جائیگی ۔ مائیکرو سافٹ تمام 6 ڈاٹا سنٹرس کیلئے جملہ 32 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کرے گا ۔ مزید یہ کہ مائیکرو سافٹ نے حیدرآباد کا ذکر اپنے ڈاٹا سنٹر علاقے کے طور پر بھی کیا ہے ۔ اس نے بتایا کہ ہندوستان میں 2016-2020 کے درمیان اپنے ڈاٹا سنٹرس میں 1,69,000 آئی ٹی ماہرین کو ملازمت فراہم کی ہے ۔ مائیکرو سافٹ کے تازہ اعلان سے آئی ٹی ماہرین کو روزگار کے مواقع دستیاب ہونگے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کے مختلف شعبوں میں مائیکرو سافٹ کے ساتھ حصہ داری جاری ہے ۔ دونوں کے درمیان جو خوشگوار تعلقات ہیں اس سے سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہو رہا ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ فنی مہارت کی ترقی اور کلوڈ اڈاپشن جیسے امور پر ہم مائیکرو سافٹ کے ساتھ پہلے سے کام کر رہے ہیں ۔ تلنگانہ میں اتنی بڑی سرمایہ کاری پر مائیکرو سافٹ سے اظہار تشکر کیا ۔ ن