مادھاپور میں غیرمجاز تعمیرات کا انہدام ،ہائیکورٹ کی ہدایت پر حیڈرا کی کارروائی

   

حیدرآباد۔5۔جنوری(سیاست نیوز) شہرکے نواحی علاقہ مادھاپور میں ’حیڈرا‘ کی جانب سے بڑے پیمانے پر کاروائی کا آغاز کرتے ہوئے ’اییپاسوسائیٹی ‘ میں زیر تعمیر 5منزلہ عمارت کو منہدم کرنے کا آغاز کردیاگیا ہے۔ سوسائیٹی میں زیر تعمیر اس عمارت کو تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے غیر مجاز تعمیر قرار دیتے ہوئے اسے منہدم کرنے کے ہدایت دی تھی اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بلڈر کو اس سلسلہ میں متعدد نوٹسوں کی اجرائی عمل میں لائی گئی تھی لیکن اس کے باوجود کوئی کاروائی نہیں کی گئی ۔ کمشنر ’حیڈرا‘ مسٹر اے وی رنگاناتھ نے خانم میٹ میں موجود684 مربع گز پر محیط اس 5منزلہ عمارت کے متعلق شکایات اور بلڈرس کو جاری کردہ نوٹسوں کا جائزہ لینے کے بعد آج صبح کی اولین ساعتوں میں اییپا سوسائیٹی کی اس عمارت کے انہدام کے لئے بھاری مشینوں کی تعیناتی کے ذریعہ پڑے پیمانے پر کاروائی کا آغاز کیا۔کمشنر ’حیڈرا‘ مسٹر اے وی رنگا ناتھ نے آج صبح شروع ہونے والی اس انہدامی کاروائی سے قبل محکمہ مال ‘ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ محکمہ پولیس کے عہدیداروں کے ہمراہ اس عمارت کا معائنہ کیا اور غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی اس عمارت کے انہدام کے لئے اقدامات کا آغاز کیاگیا۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اس عمارت کو جزوی طور پر منہدم کیاگیا تھا اور جون میں کی گئی اس انہدامی کاروائی کے بعد کوئی کاروائی نہیں کی گئی تھی جس پر ماہ فروری میں تلنگانہ ہائی کورٹ کے احکامات کا ’حیڈرا‘ کے عہدیداروں نے جائزہ لیتے ہوئے اس عمارت کو مکمل طور پر منہدم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ ’حیڈرا‘ کے قیام کے بعد جو بڑی کاروائیاں انجام دی گئی ہیں ان میں اس کاروائی کو ایک قرار دیا جا رہاہے کیونکہ ’حیڈرا‘ کی اس کاروائی کے دوران سیلر ‘ گراؤنڈ فلور کے علاوہ 5بالائی منزلوں کو بھی پوری طرح منہدم کرنے کی کاروائی شروع کی گئی ہے اور اس کاروائی کے سلسلہ میں عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ کاروائی کئی گھنٹوں تک جاری رہ سکتی ہے۔ کمشنر ’حیڈرا‘ مسٹر اے وی رنگا ناتھ کے دورہ کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ چندا نگر بلدی ڈویژن کے عہدیداروں کی جانب سے متعلقہ عمارت بلڈرس کو متعدد مرتبہ نوٹسوں کی اجرائی عمل میں لائی گئی تھی لیکن بلڈرس کی جانب سے ان نوٹسوں کو نظرانداز کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں کو جاری رکھا گیاتھا اور بلدی عہدیداروں کی جانب سے متنبہ کئے جانے اور علامتی طور پر عمارت کو منہدم کرنے کے باوجود بھی اس غیر قانونی ڈھانچہ کی مرمت اور تعمیر کو جاری رکھنے کے اقدامات کے سبب مقامی عوامی کی جانب سے متعدد شکایات ’حیدرا‘ کو روانہ کرتے ہوئے اس کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔ذرائع کے مطابق کمشنر حیدرا نے کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور محکمہ مال کے اعلیٰ عہدیداروں سے تمام تفصیلات کے حصول کے بعد ہی فوری طور پر اس عمارت کو منہدم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اتوار کو تعطیل کے باوجود بھاری مشنری تعینات کرتے ہوئے اس انہدامی کاروائی کو پولیس کی نگرانی میں انجام دینے کی منظوری فراہم کی ہے۔3

حیڈرا کا ہر دوشنبہ کو پرجاوانی پروگرام
تلسنکرانت سے حیڈرا پولیس اسٹیشن کارکرد ، کمشنر رنگاناتھ مشرا
حیدرآباد۔5۔جنوری(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے حدود میں موجود تالابوں اور سرکاری اثاثہ جات کے تحفظ کے لئے قائم کئے گئے ادارہ ’حیڈرا‘ میں ہر دوشنبہ کو ’پرجاوانی‘ کے طرز پر شکایات کی وصولی کا پروگرام منعقد کیا جائے گا اور تلسنکرانت سے ’حیڈرا‘ کے پولیس اسٹیشن کو کارکرد بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ کمشنر ’حیدرا‘ مسٹر اے وی رنگاناتھ نے بتایا کہ اعلیٰ سطح پر کئے گئے فیصلہ کے مطابق ہفتہ واری پرجا وانی پروگرام کے طرز پر آؤٹر رنگ روڈ کے حدود میں موجود سرکاری اثاثہ جات کے تحفظ ‘ پارکس‘ کھیل کے میدان‘ سڑکوں ‘فٹ پاتھس اور تالابوں کے علاوہ جھیلوں اور کنٹوں کے تحفظ کے سلسلہ میں عوامی شکایات وصول کی جائیں گی اور ان شکایات کا جائزہ لینے کے بعد کاروائیوں کا آغاز کیا جائے گا۔ ہر دوشنبہ کو سوائے عام تعطیل کے دن میں 11بجے تا 2 بجے دوپہر منعقد کیا جائے گا جبکہ لنچ کے وقفہ کے بعد 3بجے سہ پہر تا شام 5بجے یہ پروگرام بدھا بھون میں منعقد کیا جائے گا۔مسٹر اے وی رنگاناتھ نے شکایت کے لئے پہنچنے والوں سے خواہش کی کہ وہ محض شکایت کے ساتھ نہ پہنچیں بلکہ ان کی شکایت سے متعلق دستاویزات اور شواہد کے ساتھ اگر شکایات جمع کرواتے ہیں تو ایسی صورت میں ان شکایات کے فوری حل کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے قائم کئے گئے ادارہ ’حیڈرا‘ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات کئے جار ہے ہیں اور ان اقدامات کے تحت ہی ’پرجاوانی‘ پروگرام کے انعقاد کا فیصلہ کیاگیا ہے۔3