نئی دہلی: کھانے پینے کی اشیاء اور توانائی کی مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے ملک میں تھوک قیمت انڈیکس (ڈبلیو پی آئی) کی بنیاد پر مہنگائی کی شرح اس سال مارچ میں گھٹ کر 2.05 فیصد پر آ گئی ہے ، جو گزشتہ چار مہینوں میں سب سے نچلی سطح ہے ۔ منگل کو وزارت تجارت اور صنعت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق فروری 2025 میں تھوک مہنگائی کی شرح 2.38 فیصد اور جنوری میں 2.51 فیصد تھی۔ غذائی اشیاء کی تھوک مہنگائی فروری میں 5.94 فیصد سے کم ہو کر مارچ میں 4.66 فیصد رہ گئی۔ اس کے ساتھ ہی بنیادی اشیاء کی مہنگائی 2.81 فیصد سے کم ہو کر 0.76 فیصد پر پہنچ گئی۔ تاہم ایندھن اور بجلی کی قیمتوں میں معمولی اضافہ دیکھا گیا۔ فروری میں جہاں یہ منفی 0.71 فیصد تھی،وہ مارچ میں معمولی اضافہ کے ساتھ0.20 فیصد ہوگئی۔ مارچ میں تیار شدہ مصنوعات کی قیمتوں میں 3.07 فیصد اضافہ ہوا جو فروری میں 2.86 فیصد تھا۔