مالے : مالدیپ میں ہندوستان مخالف مہم کا موضوع ’انڈیا آؤٹ‘ تھا، جس پر ملکی صدر نے اپنے ایک حکم کے ذریعے پابندی لگا دی ہے۔ یہ مہم ان الزامات کے ساتھ شروع کی گئی تھی کہ حکومت نے مالدیپ کو ہندوستان کے ہاتھوں ’فروخت‘ کر دیا ہے۔مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح نے ایک حکم نامے کے ذریعے جمعرات کے روز ’انڈیا آؤٹ‘ یا ’ہندوستان نکل جاؤ‘ نامی عوامی احتجاجی مہم پر پابندی لگا دی۔ صدر نے اس ہندوستان مخالف مہم کو ’قومی سلامتی کے لیے خطرہ‘ قرار دیا ہے۔ اس مہم کی قیادت سابق صدر اور حزب اختلاف کے رہنما عبداللہ یامین کر رہے تھے۔صدارتی حکم نامے میں وضاحت کی گئی ہے کہ حکومتی پالیسی آزادی اظہار اور اجتماع کی آزادی فراہم کرتی ہے، جس کی آئین کے تحت ضمانت دی گئی ہے اور جس کا ’’مقصد جمہوری اقدار کو مکمل طور پر برقرار رکھنا ہے۔‘‘ تاہم ملکی صدر نے کہا کہ یہ ہندوستان مخالف مہم ان شہری آزادیوں کو ’غلط استعمال‘ کر رہی ہے۔