حیدرآباد۔ تلنگانہ کے قبائلی عوام سے ماویسٹوں کی تائید نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہیندر ریڈی نے آج الزام عائد کیا کہ ممنوعہ ماویسٹوں کی اعلی قیادت ایک پر تعیش زندگی گذار رہی ہے اور قبائلیوں کو بلی کا بکرا بنایا جا رہا ہے ۔ ڈی جی پی نے ملگ ضلع میں سینئر پولیس عہدیداروں کے ساتھ اعلی سطح کا جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی پولیس نے تلنگانہ کی سرزمین پر ماویسٹوں کی کسی سرگرمی کو برداشت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماویسٹوں کے سینئر لیڈرس جیسے دامودر اور ہری بھوشن پرتعیش زندگی گذار رہے ہیں اور وہ قبائلی عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ماویسٹوں کی جانب سے تلنگانہ میں داخلہ کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ہم ان کے کالے کرتوتوں کی تلنگانہ کی سرزمین پر اجازت نہیں دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے ماویسٹوں کی ایسی تمام تر کوششوں کو ناکام بنادیا جائے گا ۔