کلکٹرس اور کمشنرس آف پولیس کی شرکت، برقی اور پانی کی موثر سربراہی کی ہدایت
حیدرآباد ۔12 ۔ جون (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے ماہِ محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلہ میں آج سکریٹریٹ میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقدکیا۔ انہوں نے سرکاری محکمہ جات کو ہدایت دی کہ محرم کے دوران موثر انتظامات کو یقینی بنائیں اور آپس میں بہتر تال میل کے ذریعہ تمام ضروری امور کی تکمیل کریں۔ اجلاس میں ٹمریز کے صدرنشین محمد فہیم قریشی ، سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود ایم اے حمید ، ضلع کلکٹرس ، پولیس کمشنرس اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ حیدرآباد ، رنگا ریڈی اور ملکاجگری کے کلکٹرس ، حیدرآباد ، سائبر آباد اور ملکاجگری کے پولیس کمشنرس ، تلنگانہ پاؤر ڈسٹری بیوشن کمپنی کے مینجنگ ڈائرکٹر ، حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے مینجنگ ڈائرکٹر ، آر ٹی سی کے مینجنگ ڈائرکٹر ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ ، حیدرآباد اور رنگا ریڈی کے ضلعی اقلیتی عہدیدار ڈسٹری ہیلت آفیسر اور دیگر عہدیداروں کو وزیر اقلیتی بہبود نے محرم کے دوران انتظامات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ محرم کے دوران یوم عاشورہ کو تاریخی بی بی کے علم کا جلوس نکلتا ہے ۔ جلوس کے موقع پر نقائص سے پاک انتظامات کے ذریعہ پرامن انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے محرم کے دوران صحت و صفائی ، اسٹریٹ لائیٹس، برقی اور پانی کی موثر سربراہی کے علاوہ ٹریفک انتظامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ عاشور خانوں کے اطراف سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے کام انجام دیئے جائیں۔ محرم کے دوران برقی کی بلا وقفہ سربراہی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشورہ جلوس کے مو قع پر پولیس کے خصوصی حفاظتی انتظامات کئے جائیں۔ محمد اظہرالدین نے یوم عاشورہ جلوس کیلئے ہاتھی کے استعمال کے سلسلہ میں تمام ضروری منظوریاں حاصل کرنے کی ہدایت دی۔ وقف بورڈ کے اشتراک سے عاشور خانوں کی مرمت اور سبیلوں کا انتظامات کیا جائے گا۔ وزیر اقلیتی بہبود نے عوامی نمائندوں کی جانب سے پیش کردہ تجاویز سے عہدیداروں کو واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام مذاہب کے عید اور تہواروں کے پرامن انعقاد کے انتظامات کر رہی ہے۔ محرم کے موقع پر ماتم داروں کیلئے عاشور خانوں کے قریب موبائیل میڈیکل کیمپس کا اہتمام کیا جائے گا۔1/k/m/b