قفل شکنی ، منشیات کا استعمال ، قیمتی اشیاء کی چوری جیسے جرائم کا ارتکاب
ممبئی۔22ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے ماہیم کی مشہور درگاہ کے اطراف و اکناف واقع گلی کوچوں میں گذشتہ 8ماہ میں 1,140 فقیروں کو ہٹا دیا اور ان کے خلاف 665 کیسیس منشیات ، نشہ آور ادویات اور دیگر ممنوعہ اشیاء استعمال کرنے کے ایکٹ کے تحت درج کرلئے ۔ یہ بات پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے اتوار کے دن بتائی ۔ مقامی لوگوں کی جانب سے ان کے خلاف ایِذا رسانی کی شکایت پر پولیس نے ان آوارہ لوگوں کے خلاف مہم چلائی ، یہ باتیں اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس نے بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ بعض فقیر نہ صرف منشیات کا استعمال کرتے ہیں بلکہ گھروں میں قفل شکنی اور لوگوں سے ان کی قیمتی اشیاء چھین لینے کے جرم میں بھی ملوث ہوتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے گذشتہ 8ماہ میں 1140 فقیروں اور بھکاریوں کو یہاں سے نکال باہر کیا اور این ڈی پی ایس ایکٹ کے دن 665 کیس درج کئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دیکھا کہ بھکاریوں کی باب الداخلہ پر موجودگی کے باعث لوگوں کو وہاں تک پہنچنے میں دقت محسوس ہورہی ہے ۔ اس کے علاوہ ان کے مختلف جرائم میں ملوث ہونے کی شکایات بھی وصول ہورہی ہیں ۔جہاں پولیس کی کارروائی کے سبب درگاہ کے نواح کا علاقہ صاف ستھرا ہوگیا ہے اس سے کھانے پینے کی دکانیں چلانے والے ناراض ہوگئے ہیں ۔ بعض کھانے کی اشیاء کی دکانوں کے مالکین نے بتایا کہ ان بھکاریوں نے بعض دکانوں پر اپنی اجارہ داری قائم رکھی ہے ، انہیں درگاہ سے ہٹا دینے کے سبب ایسی دوکانوں کے کاروبار پر ضرب پڑی ہے ۔ اس قسم کی 15سے 20 ہوٹلیں اس علاقہ میں قائم ہیں اور ہر ہوٹل میں روزآنہ کم سے کم 100فقیر یا بھکاریگاہک کی طرح آیا جایا کرتے تھے ۔ اب یہ سلسلہ ختم ہوچکا ہے ، یہ بات ایک ہوٹل کے مالک نے بتائی ۔درگاہ کے زائرین میں ہر مذہب کے لوگ شامل ہیں ۔ فقیروں اور درویشوں کی جانب سے اکثر زائرین کو پریشان کیا جاتاہے ۔ اس درگاہ کے فقیر نے دریوزہ گری کو ایک تجارت بنارکھا ہے اور یہ لوگ کافی مرفع الحال ہیں ۔