ماہ رمضان المبارک کے دوسرے عشرہ کے آغاز کے ساتھ بازاروں میں رونق و گہماگہمی

   

رمضان واک ، صوم و صلواۃ کی ترغیب، ہوٹلوں کی سیر اور تہذیب و تمدن کو پیش کرنے کئی ادارے مصروف
حیدرآباد۔14۔مارچ(سیاست نیوز) ماہ رمضان المبارک کے پہلے عشرہ کے اختتام کے ساتھ ہی پرانے شہر کے علاقوں میں رات کے بازاروں میں گہما گہمی پیدا ہونے لگی ہے اور اس گہما گہمی کے دوران رمضان واک کا اہتمام کرتے ہوئے جن لوگوں کو رمضان المبارک کے متعلق واقفیت نہیں ہے انہیں واقف کروانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ماہ رمضان المبارک کے دوران منعقد کی جانے والی ان رمضان واک کے دوران محض کھانے پینے کی اشیاء کی فروخت یا بازاروں کے متعلق تفصیلات فراہم نہیں جاتی بلکہ شہر کی سرکردہ بڑی مساجد میں رات کے اوقات میں ہونے والی خصوصی عبادتوں کے متعلق واقف کرواتے ہوئے واک میں شامل افراد کو ماہ رمضان المبارک کی اہمیت اور دین اسلام میں اس ماہ مقدس کے دوران کئے جانے والے اعمال پر ملنے والے اجر و ثواب کے متعلق واقف کروایا جاتا ہے ۔ رمضان واک جو کہ ہر شب ہفتہ منعقد کی جار ہی ہے اس کے لئے 1499 روپئے ٹکٹ وصول کیاجا رہاہے اور اس رقم میں پرانے شہر میں ماہ رمضان المبارک کے دوران فروخت کی جانے والی خصوصی اشیائے خورد و نوش کی فراہمی عمل میں لائی جار ہی ہے جس میں حلیم ‘ پتھر کا گوشت ‘ دہی بڑے اور دیگر اشیاء کے علاوہ مشروبات شامل ہیں۔ پرانے شہر میں منعقد کی جانے والی اس رمضان واک کے دوران تاریخی مکہ مسجد‘ تاریخی چارمینار‘ پتھرگٹی ‘ مدینہ بلڈنگ‘ حسینی علم اور شاہ علی بنڈہ کو شامل رکھا جا رہاہے اور ان علاقوں میں موجود سرکردہ ہوٹلوں اور ریستوراں کا دورہ کروانے کے علاوہ سرکردہ مساجد میں جہاں قیام اللیل کی خصوصی عبادات ہورہی ہیں ان مساجد کا دورہ کرتے ہوئے تفصیلات سے واقف کروایا جارہا ہے۔پرانے شہر کے علاوہ رمضان المبارک کے دوران ٹولی چوکی ‘ یوسف ٹیکری ‘ اور مہدی پٹنم کے علاقوں میں بھی رمضان واک کا اہتمام کیا جا رہاہے اس کے علاوہ ملے پلی کے علاقہ میں بھی اس واک کا اہتمام کیا جا رہاہے جس میں غیر مسلموں کی بڑی تعداد شرکت کرتے ہوئے رمضان المبارک کے دوران راتوں کی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کے علاوہ سحر کے اوقات میں ہوٹلوں میں ناشتہ کرتے ہوئے واک کا اختتام کیا جا رہا ہے۔ حیدرآباد میں رمضان المبارک کے دوران واک کا اہتمام کرتے ہوئے شہر حیدرآباد میں رمضان المبارک کے دوران تہذیب و تمدن کو پیش کرنے کی کئی اداروں کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے جن میں ’’دکن آرکائیوز‘‘ ایک اہم ادارہ ہے جس نے اس طرح کے تاریخی عمارتوں کے واک اور ماہ رمضان المبارک کے واک کا اہتمام کا آغاز کیا ہے۔3