جموں: جموں و کشمیر کی مصروف ترین شاہراہ سری نگر-جموں قومی شاہراہ کی مسلسل بندش نے نہ صرف سامان رسد کی نقل و حمل کو متاثر کیا بلکہ ہزاروں مسافروں اور سیاحوں کو بھی شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ۔ اس صورت حال میں ضلع راجوری میں مقامی مساجد اور مندروں کے دروازے پریشان حال مسافروں کے لیے کھول دیے گئے ہیں تاکہ انہیں فوری پناہ، کھانے پینے کی سہولیات اور آرام کی جگہ فراہم کی جا سکے ۔ راجوری کے مقامی باشندوں اور مذہبی کمیونٹی نے انسان دوستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے مسافروں کو خوش آمدید کہا اور ان کے لیے بنیادی سہولیات مہیا کیں۔ ایک رضاکار کے مطابق، ‘یہ وقت انسانیت کو ترجیح دینے کا ہے ، اور ہم سب کا فرض ہے کہ مشکل میں ایک دوسرے کے کام آئیں۔’قومی شاہراہ کی بندش کے بعد مغل روڈ کو متبادل راستے کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے ، لیکن اب اس سڑک پر بھی گاڑیوں کا سیلاب امڈ آیا ہے ۔ مختلف مقامات پر بدترین ٹریفک جام دیکھنے کو مل رہا ہے ، جہاں سینکڑوں مسافر اور سیاح پھنسے ہوئے ہیں۔ شاہراہ پر سہولیات کی کمی، تنگ راستے اور ٹریفک کی موثر رہنمائی نہ ہونے کے باعث صورتحال دن بہ دن پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے۔