متحدہ آندھراپردیش میں اقلیتوں کی بھلائی ، کانگریس کی مساعی کا نتیجہ

   

اقلیتی بہبود پر کتابچہ کی اجرائی، ریونت ریڈی اور محمد علی شبیر کا خطاب
حیدرآباد۔14 ۔ فروری (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے متحدہ آندھراپردیش میں اقلیتوںکی بھلائی کیلئے سابق کانگریس حکومت کے رول پر بک لیٹ جاری کی ہے۔ سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے متحدہ آندھراپردیش میں اقلیتی بہبود کیلئے کانگریس حکومتوں کے اقدامات پر مبنی کتابچہ تیار کیا جسے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے جاری کیا۔ کاما ریڈی ضلع سے تعلق رکھنے والے تقریباً 200 کانگریس قائدین نے انفرادی طور پر 500 سے زیادہ پارٹی ڈیجیٹل رکنیت سازی کی ہے۔ یلا ریڈی ، کاما ریڈی ، جکل اور بانسواڑہ اسمبلی حلقہ جات سے تعلق رکھنے والے ان قائدین کو ریونت ریڈی نے تہنیت پیش کی ۔ اس موقع پر ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت نے 2004-05 ء میں مسلمانوں کو تعلیم و روزگار میں 4 فیصد تحفظات فراہم کئے تھے جس کے نتیجہ میں گزشتہ 17 برسوں میں دونوں تلگو ریاستوں کے 20 لاکھ مسلمانوں کو فائدہ پہنچا۔ انہوں نے مسلم تحفظات پر عمل آوری میں سابق وزیر محمد علی شبیر کے رول کی ستائش کی اور کہا کہ سونیا گاندھی نے انتخابی منشور میں جو وعدہ کیا تھا ، اس کی تکمیل کی گئی۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ اقلیتوں میں کانگریس کی اقلیت دوستی سے متعلق شعور بیداری کیلئے بک لیٹ تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1993-94 ء میں کانگریس حکومت نے پہلی مرتبہ محکمہ اقلیتی بہبود قائم کیا تھا اور انہیں اس محکمہ کے پہلے وزیر کا اعزاز حاصل ہے۔ اقلیتوں کی بھلائی کیلئے علحدہ بجٹ مختص کرنے کا آغاز کیا گیا۔ کانگریس نے 5 فیصد مسلم تحفظات کا وعدہ کیا تھا اور اقتدار کے محض 58 دنوں میں وعدہ کی تکمیل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے مسلمانوں کیلئے 12 فیصد تحفظات کا وعدہ کیا لیکن 7 برس گزرنے کے باوجود عمل نہیں کیا گیا۔ ایک بھی اقلیتی نوجوان کو قرض فراہم نہیں کیا گیا۔ اس موقع پر ورکنگ پریسیڈنٹ انجن کمار یادو ، اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار اور دیگر قائدین موجود تھے۔ر