گیلونگ ۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے کوالیفائنگ راونڈ کے دوسرے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈز نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔ آسٹریلیا کے شہر گیلونگ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں نیدرلینڈز نے 112 رنزکا ہدف دوگیندوں قبل7 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ نیدرلینڈز کے اسکاٹ ایڈورڈز16 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، کولن ایکرمین 17 اور ٹم برینجل نے 15 رنز بنائے جبکہ یو اے ای کے جنید صدیق نے تین وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل یو اے ای نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ نبستاً آسان وکٹ پر یو اے ای کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنا سکی۔اماراتی ٹیم کی جانب سے محمد وسیم نے 41 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں ایک چوکا اور 2 چھکے شامل تھے۔