حیدرآباد۔5 ۔ ڈسمبر ۔ (سیاست نیوز) متحدہ عرب امارات ہندستان سے چائے درآمدات میں دولت مشترکہ کی آزاد ریاستوں کے بعد دوسرا بڑا ملک بن چکا ہے جو کہ ہندستانی چائے کی پتی خرید رہا ہے۔ جاریہ سال کے ابتدائی 9ماہ کے دوران ہندستان سے چائے کی درآمدات کے سلسلہ میں ہندستانی تاجرین چائے کی تنظیم کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جنوری 2022 سے ستمبر 2022کے دوران متحدہ عرب امارات نے مجموعی اعتبار سے 28.58 ملین کیلوگرام چائے کی پتی درآمد کی ہے اور جو کہ سال گذشتہ کے اعتبار سے 159 فیصد اضافہ ہے ۔ ہندستانی چائے کی مانگ میں ہونے والے اضافہ کے سلسلہ میں کہا جارہا ہے کہ چائے کے معیار اور خریداری میں حاصل ہونے والی سہولتوں کے سبب یہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ ہندستانی چائے درآمد کرنے والوں میں سرفہرست دولت مشترکہ کی آزاد ریاستوں میں شامل ارکان ہیں جو کہ گذشتہ 9ماہ کے دوران 38.06 ملین کیلو گرام چائے کی پتی درآمد کرچکے ہیں۔ ان ممالک کی جانب سے درآمد کی جانے والی ہندستانی چائے پتی کی مقدار کے بعد دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات کی جانب سے درآمد کی جانے والی ہندستانی چائے پتی کی مقدار 28.58ملین کیلو گرام شامل ہے جبکہ ہندستانی چائے کے تاجرین ان کے علاوہ اب چین پر توجہ دے رہے ہیں تاکہ چین ہندستانی چائے کی درآمدات میں اضافہ کرے کیونکہ چین میں چائے کے استعمال کا کافی زیادہ رجحان ہے ۔ امریکہ کی جانب سے ایران پر عائد کی جانے والی تحدیدات کے سبب ایرانی تاجرین جو ہندستانی چائے کو ترجیح دیا کرتے تھے وہ اپنی درآمدات کو محدود کرچکے ہیں اورایران میں ہندستانی چائے پتی کی طلب میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اسی طرح عراق بھی جہاں ہندستانی چائے پتی کی مانگ میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جاتا تھا وہاں بھی معاشی حالات بہتر نہ ہونے کے سبب ہندستانی چائے پتی کی مانگ میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے بلکہ عراق میں ہندستانی چائے پتی کی مانگ صفر ہونے لگی ہے ۔ یوکرین اور روس کے درمیان جاری جنگ کے سبب دونوں ممالک میں بھی چائے کی درآمدات متاثر ہوئی ہیں لیکن اس کے باوجود بھی دونوں ممالک کی جانب سے چائے پتی کے حصول کا سلسلہ جاری ہے۔چائے پتی تاجرین کی تنظیم کے مطابق جاریہ سال کے اختتام تک ہندستانی چائے پتی کی برآمدات 230 ملین کیلو گرام سے تجاوز کرسکتی ہیں۔
جبکہ سال گذشتہ 2021 کے دوران مجموعی طور پر 196 ملین کیلو گرام چائے پتی مختلف ممالک کو برآمد کی گئی تھی ۔